نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس

جاوید ہاشمی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر نہ ہونے کے باوجود اجلاس میں شریک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 اکتوبر 2018 12:07

نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اکتوبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، حمزہ شہباز، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔ اجلاس میں پارٹی صدر شہباز شریف کی نیب حراست اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی سمیت دیگر معاملات کو زیر غور لایا جائے گا۔

اجلاس میں جاوید ہاشمی نے بھی شرکت کی۔ ذرائع مسلم لیگ ن کے مطابق جاوید ہاشمی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر نہیں ہیں اور پارٹی قوانین کے مطابق نان ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتا۔اجلاس میں ممکنہ طور پر احتجاجی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جاوید ہاشمی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت پر پارٹی کے اندر کئی رہنماؤں نے اعتراض اُٹھایا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جاوید ہاشمی کے حوالے سے پارٹی میں بے چینی رہی ہے۔ جاوید ہاشمی کے دوبارہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے سے سینئیر سیاستدان پارٹی کے لیے ملتان میں پریشانی کا باعث بنے۔ خیال رہے کہ جاوید ہاشمی نے مئی 2018ء کو ملتان میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت قبول کرتا ہوں، نواز شریف میرے لیڈر تھے اور رہیں گے، ہر مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا تھا، کل بھی مسلم لیگی تھا آج بھی مسلم لیگی ہوں۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ووٹ کی عزت خراب کرنے والوں کے خلاف بغاوت کا پرچم اٹھایا ہے جب کہ اولاد کو وصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگ ن کے پرچم میں دفن کرے۔