قندیل قتل کیس ،ْمقتولہ کے بھائی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وفاقی حکومت کودرخواست بھجوادی گئی

ماڈل قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے جولائی 2016 میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا

پیر 8 اکتوبر 2018 13:20

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) پولیس نے قندیل بلوچ قتل کیس کے سلسلے میں وفاقی حکومت کو سعودی عرب میں مقیم ملزم عارف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے درخواست بھجوا دی۔ملتان پولیس کی جانب سے قندیل بلوچ کے بھائی کی گرفتاری کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم عارف کی گرفتاری انٹرپول کے ذریعے ممکن ہے۔

پولیس کے مطابق قندیل بلوچ کو جب قتل کیا گیا اس وقت قتل کا مرکزی ملزم وسیم اپنے بھائی عارف کے ساتھ ٹیلی فون پر مسلسل رابطے میں تھا۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے جولائی 2016 میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔مقدمے میں مقتولہ کے کزن حق نواز کو بھی نامزد کیا گیا ،ْیہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں قندیل بلوچ کے ساتھ متنازع سیلفیز کو جواز بناکر ان کے والد عظیم کی درخواست پر رویت ہلال کمیٹی کے سابق رکن مفتی عبدالقوی کو بھی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 109 کے تحت مقتولہ کے بھائی کو اکسانے کے الزام میں مقدمے میں نامزد کردیا گیا تھا۔مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے تھے جب گزشتہ برس رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔