قدرتی آفات سے بچائو سے متعلق آگاہی کے قومی دن کے موقع پر تصویر ی نمائش کا انعقاد

پیر 8 اکتوبر 2018 15:00

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر قدرتی آفات سے بچائو سے متعلق آگاہی کے قومی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ‘ ریسکیو 1122 اور فیصل آباد آرٹس کونسل کے اشتراک سے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم کی آرٹ گیلری میں تصویر نمائش منعقد ہوئی جس میں عوامی آگاہ کیلئے ریسکیو سروسز کے بارے میں تصویریں رکھی گئی تھیں ۔

نمائش کا افتتاح ڈپٹی کمشنر احمد فواد نے کیا جبکہ کئی دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے ریسکیو سروسز کی کارروائیوں کے مناظر پر مشتمل تصاویری نمائش کو عوامی آگاہی کیلئے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر قدرتی آفات میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کا قومی دن منانے کامقصد ایمرجنسی سروسز کے اداروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں میں احساس اجاگر کرنا ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی حادثہ یا آفت میں حفاظت خود اختیاری اور دوسروں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کا بخوبی ادراک کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے تصویری نمائش کے انتظامات کو سراہا ۔ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے کہا کہ فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیر اہتمام فنون لطیفہ کی ترویج و ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی اصلاح و آگاہی کیلئے بھی ہمہ نوعیت کے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں جس میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت کے باعث مطلوبہ مقاصد کے حصول میں مدد ملتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ قدرتی آفات میں احتیاطی تدابیر سے آگاہی کا قومی دن منانے میں بھی فیصل آباد آرٹس کونسل برابر کی شریک ہے ۔ نمائش میں ریسکیو سٹاف کی جانب سے آگ لگنے ‘ ٹریفک حادثات ‘ پانی میں ڈوبنے ‘ سلنڈر پھٹنے ‘ بم دھماکہ وہ دیگر حادثات میں امدادی کارروائی کے مناظر پر مبنی تصاویر رکھی گئی تھیں۔