طالبہ کے والد سے بدتمیزی کرنے والا کلرک نوکری سے برطرف

کیا تم خود کو بادشاہ سمجھتے ہو تمہیں کوئی عہدہ ملا ہے تو اس کی عزت کرو،وزیرتعلیم سندھ کا جانب کیریو پر اظہار برہمی

پیر 8 اکتوبر 2018 16:00

طالبہ کے والد سے بدتمیزی کرنے والا کلرک نوکری سے برطرف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) وزیر تعلیم سندھ نے کراچی میں نیو سعید آباد ڈگری کالج کے کلرک کو طالبہ کے والد سے تضحیک آمیز رویہ اختیار کرنے پر نوکری سے برطرف کر دیاہے ۔صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کالج کے کلرک کی جانب سے والد سے شرمناک رویہ اختیار کرنے پرکلرک اور والد کو اپنے دفتر میں طلب کیا جس پر حیدرآباد ریجنل ڈائریکٹر کالجز، ڈگری کالج کی انتظامیہ اور والد صوبائی وزیر کے سامنے پیش ہوئے۔

وزیر تعلیم نے طالبہ کے والد کے ساتھ شرمناک رویہ اختیار کرنے پر کلرک جانب کیریو پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا تم خود کو بادشاہ سمجھتے ہو تمہیں کوئی عہدہ ملا ہے تو اس کی عزت کرو۔طالبہ کے والد ظفر اللہ میمن نے صوبائی وزیر تعلیم سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے تین بچے اس کالج میں زیر تعلیم ہیں جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں، میں اپنی بڑی بیٹی کے لیے ایم اے کا فارم لینے کالج گیا تھا تاہم کلرک نے فارم دینے سے منع کر دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے کلرک کی شکایت پرنسپل سے کی تو انہوں نے کلرک کی سرزنش کی تاہم کلرک سمیت دیگر اسٹاف نے اپنی بے عزتی محسوس کرتے ہوئے مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جبکہ میں نے اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر کلرک کے پاں پکڑ لیے۔وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے ڈگری کالج کے سینئر کلرک جانب کیریو کو طالبہ کے والد سے بدتمیزی کرنے اور شرمناک رویہ اختیار کرنے پر برطرف کیا جب کہ دوسرے کلرک کامران خانزادہ کو معطل کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :