شہباز شریف نے نہ صبح دیکھی نہ شام ، دن رات کام کیا

شہباز شریف نے خود کو بیمار کر لیا ،کینسر کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔ نواز شریف کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 اکتوبر 2018 12:08

شہباز شریف نے نہ صبح دیکھی نہ شام ، دن رات کام کیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 اکتوبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف آج احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں نے نواز شریف سے سوال کیا کہ کیا آپ میڈیا سے بات کریں گے؟جس پر نواز شریف نے کہا کہ ابھی کسی اور کیفیت میں ہوں ، پہلے بھی بتایا تھا۔ابھی میرا بات کرنے کو دل نہیں کرتا، بولوں گا لیکن ابھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔شہباز شریف نے محنت اور جاں فشانی سے کام کیا۔ انہوں نے صبح دیکھی ، نہ شام ، دن رات کام کیا۔ شہباز شریف نے خود کو بیمار کر لیا اور کینسر کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔ شہباز شریف نے محنت اور لگن سے قوم کی خدمت کی۔اس کے لیے ان کے ساتھ یہ سلوک کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے اگر سلمان شہباز کو طلب کیا گیا تو اس سے بڑا مذاق نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کے کچھ لوگوں نےشہباز شریف پر چینی کمپنی کے حوالے سے الزام عائد کیا۔ چینی کمپنی کی وضاحت کے بعد مخالفینکو منہ کی کھانی پڑی ، ایک چینی کمپنی کو ٹھیکہ دینا مناسب نہیں سمجھا، لیکن خیبرپختونخواہ حکومت نے اسی کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا ، انہوں نے یہ ٹھیکہ کیوں دیا ، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کی بنیاد پر کارروائیاں ہو رہی ہین۔

اگر یہی احتساب ہے تو ایسے احتساب پر افسوس ہے۔ اگر آمدن سے زائد اثاثوں پر ہی کیسز فائل ہوئے تو اس ملک میں کوئی بھی بچ نہیں سکتا۔ یہ مشرف کے قانون ہیں اسی لیے انہیں کالا قانون کہتے ہیں۔ملکی معاملات درست ہونے میں وقت لگے گا۔ ہمیں ان قوانین کو بدلنا چاہئیے کیونکہ یہی قوانین ملک میں نااںصافی اور ظلم کی بنیاد رکھتے ہیں،صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے اپنے دور حکومت میں نیب قوانین میں اصلاحات کیوں نہیں کیں؟ جس پر نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں نیب قانون میں اصلاحات ہونی چاہئیے تھیں۔

مشرف کےبعد سیاہ نیب قوانین ختم ہونے چاہئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر مہنگا ہو گیا اسٹاک مارکیٹ نیچے جا رہی ہے۔ ملک چلانے کے لیے ہمیں بہت کچھ درگزر کرنا ہو گا۔ ہم سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حوالات میں قید ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے اور پارٹی صدر کی رہائی، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نواز شریف نے مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نادان لوگ وقت سے پہلے اپنے پائوں پر کلہاڑی ماررہے ہیں۔

جو کچھ کررہے ہیں کنٹینر والوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ ہم پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں، ہمارے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ،لیکن ہم اب خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے چند دنوں میں غریبوں کا جینا دوبھر کردیا۔مہنگائی آسمان چھُو رہی ہے ۔جن شرائط پر سی پیک سے متعلق نئے معاہدے کئے جارہے ہیں ان پر تشویش ہے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی گرفتاری پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کر رکھا ہے جبکہ ان کی گرفتاری کو ضمنی الیکشن میں بھی کیش کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔