کوہاٹ‘ اسلحہ کی نوک پر لوگوں کولوٹنے والا 6 رکنی گروہ گرفتار

منگل 9 اکتوبر 2018 13:07

کوہاٹ‘ اسلحہ کی نوک پر لوگوں کولوٹنے والا 6 رکنی گروہ گرفتار
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے اسلحہ کی نوک پر لوگوں کو لوٹنے والے چھ رکنی مسلح رہزن گروہ کو گرفتار کرلیا ہے ۔زیر حراست رہزنوں کے قبضے سے لوٹا ہوا مال اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔مسلح رہزن گروہ رات کی تاریکی میں شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے جنہیں مزید پوچھ گچھ کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی صدر سرکل روخان زیب نے تھانہ محمد ریاض شہید پولیس کی کامیاب کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ عوامی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالدنے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث رہزن گروہ کا کھوج لگا کرضلعی پولیس کو انکی گرفتاری کا جو ٹاسک سونپا تھا انہیں احکامات کی روشنی میں چوبیس گھنٹے مختلف علاقوں میں پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر مقامی پولیس نفری نے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین کی قیادت میں کوہاٹ پنڈی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے رہزنی کی نیت سے علاقے میں موجودچھ رکنی مسلح رہزن گروہ کو گرفتارکرلیا اور انکے قبضے سے مجموعی طور پر چھ پستول اور درجنوں کارتوس برآمد کرلئے ۔ڈی ایس پی روخان زیب نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پکڑے گئے رہزنوں کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں سے ہے جن میں محمد رحمان سکنہ کالو خان بانڈہ،اسماعیل سکنہ سلطانی بانڈہ،حنین،عمران ساکنان جنگل خیل،ذیشان عرف بابے سکنہ مالمنڈی اور اختر پرویز عرف وکی سکنہ میاں گان کالونی شامل ہیںجنکے خلاف تھانہ محمدریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار رہزنوں کے قبضے سے ہزاروں روپے کی نقدی،متعددموبائل فون سیٹس س،طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء جو رہزنی کی مختلف وارداتوں میں لوگوں سے لوٹے گئے تھے بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار رہزنوں نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف جرم کرلیا ہے اور انہیں مزید پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔واضح رہے کہ پکڑا گیا گروہ قبل ازیں بھی اس قسم کی وارداتوں میں ملوث رہ کر جیل گزار چکا ہے اوراسمیں شامل افراد عادی جرائم پیشہ ہیں۔