حطار پولیس نے مفرور ڈکیت کو گرفتار کر لیا،

ساتھی بھاگ نکلنے میں کامیاب

منگل 9 اکتوبر 2018 14:04

حطار پولیس نے مفرور ڈکیت کو گرفتار کر لیا،
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) ایس ایچ او تھانہ حطار علی جدون نے مفرور ڈکیت کو گرفتار کر لیا، ساتھی بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او حطار علی خان جدون نے بمع نفری بلال مسجد انڈسٹری روڈ مخبر کی اطلاع پر حطار تھانہ کے بارڈر پر کوٹ نجیب الله تھانہ کی حدود میں ناکہ بندی کی۔ اسی دوران دو موٹر سائیکل سوار ہنڈا 125 سرخ رنگ کے ڈنگی کی جانب سے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ آ رہے تھے جن کو پولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو ڈکیت ملزمان نے موٹر سائیکل پولیس کے جوان پر چڑھا دی جس پر بمشکل پولیس کے جوان نے جان بچائی اور موٹر سائیکل اپنا توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے کچھ گز کے فاصلہ پر گر پڑا۔

اسی اثنا میں پولیس اہلکاروں نے ایک مفرور ڈکیت و سیرت الدین عرف بصریت ولد فضل قوم قریش سکنہ بھیڈیاں کو پکڑ لیا جس پر ملزم کے ساتھی ہاشم مرتضیٰ سکنہ ترکھان موہڑہ بھیڈیاں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس سے مفرور ڈکیت اپنے ساتھی کی گولی جو ٹانگ پر لگی، زخمی ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ہاشم مرتضیٰ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے فوری طور پر مفرور زخمی ڈکیت کو گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ ملزم تھانہ سٹی ہری پور میں 2012ء سے مقدمہ نمبر 695 زیر دفعہ 34PPC-382 میں مفرور ہے جبکہ ملزم کے خلاف پنجاب تھانہ مندرہ میں مقدمہ نمبر 392 سال 2018ء زیر دفعہ 34-392 مقدمہ درج ہے اور ملزم پنجاب پولیس کو درجن بھر ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب ہے۔

ملزم علاقہ بھیڈیاں اور پنجاب کا نامی گرامی ڈکیت ہے، اس کے قبضہ سے 30 بور پستول بمع میگزین اور چھ کارتوس ہمراہ کمر بند گٹھہ برآمد کر لئے۔ مفرور ڈکیت و سیرت عرف بصیرت سکنہ بھیڈیاں کو تھانہ سٹی نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ کوٹ نجیب الله میں حطار پولیس کی مدعیت میں مقدمہ 324,15AA, 353,189,186 اقدام قتل و دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔

ایس ایچ او حطار علی خان جدون نے کہا کہ ملزمان حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈکیتی کی نیت سے آ رہے تھے کیونکہ مہینے کے آغاز میں تمام فیکٹریوں نے ملازمین کو تنخواہیں دینا ہوتی ہیں اور اس سلسلہ میں فیکٹریوں کی گاڑیاں بینک سے کیش لاتی ہیں، ملزمان بھی کسی فیکٹری کی گاڑی سے کیش چھیننے کی غرض سے انڈسٹریل اسٹیٹ آ رہے تھے مگر ڈکیتوں کے ارمانوں پر حطار پولیس نے پانی پھیرتے ہوئے ایک مفرور ڈکیت کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

اس سلسلہ میں حطار پولیس اور کوٹ نجیب الله پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ دوسری جانب ایس ایچ او حطار علی خان جدون کی بروقت کارروائی سے مفرور ڈکیت کسی بڑی ڈکیتی کی واردات کرنے سے پہلے ہی گرفتار ہو گیا۔