خلیج میسیکو میں سمندری طوفان مائیکل کے باعث خام تیل کی پیداوار روک دی گئی

منگل 9 اکتوبر 2018 14:54

ہوسٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) خلیج میسیکو میں سمندری طوفان مائیکل کی آمد کی وجہ سے خام تیل کی پیداوار روک دی گئی۔سمندری طوفان مائیکل جو تیزی کے ساتھ براعظم امریکا کے مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے کے پیش نظر خلیج میسیکو میں ذرائع کے مطابق کم از کم 13 آئل پلیٹ فارمز بند کر دیئے گئے ہیں جن میں اینادرکو پٹرولیم،بی ایچ پی بلیٹن،بی پی اور شیوران کے پلیٹ فارمز شامل ہیں۔

ان آئل اور گیس پلیٹ فارمز سے تمام عملے کا انخلاء بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔وہاں کام کرنے والی کمپنیوں کے مطابق خلیج میکسیکو سے 324,190 بیرل یومیہ تک کی تیل کی پیداوار اور284 ملین کیوبک گیس کی پیداوار رک گئی ہے جبکہ یو ایس بیورو آف سیفٹی نے کہا ہے کہ سمندر میں تیل کی تلاش کے لئے کام کرنے میں مصروف پانچ ڈرلنگ رگز کو طوفان کے راستے سے ہٹا کر آگے کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ مائیکل کا راستہ خلیج میکسیکو کا وسطی اور مغربی حصہ ہے جہاں بڑی تعداد میں ریفائنریز بھی موجود ہیں۔ اینادرکو پٹرولیم،بی ایچ پی بلیٹن،بی پی اور شیوران سمیت نارویجین آئل کمپنی اکیونر نے اپنا پروڈکشن پلیٹ فارم بند کر دیا ہے جبکہ ایکزون موبل نے بھی لینا پروڈکشن پلیٹ فارم کو خالی کراتے ہوئے کام بند کر دیا ہے۔رائل ڈچ شیل اور ہس کارپوریشن نے کہا ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان مائیکل کی وجہ سے سمندر کی 15سے 20فٹ بلند لہرے اٹھنے کا خدشہ ہے جو ویسے ہی تیل کی پیداوار کے لئے تباہ کن ہو سکتی ہیں۔خلیج میکسیکو امریکا کی تیل کی کل پیداوار کا 17فیصد اور گیس کی کل پیداوار کا 5 فیصد پیدا کرتا ہے اسی طرح امریکا کی45 فیصد آئل ریفائنریز(تیل صاف کرنے کے کارخانے ) خلیج میکسیکو کے ساحلوں کے ساتھ ساتھ ہیں جبکہ وہاں گیس کی کل پیداوار کا 51فیصد ایل پی جی میں تبدیل بھی کیا جاتا ہے۔