Live Updates

ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ ‘ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 136 روپے تک پہنچ گیا

روپے کی قدر میں حالیہ کمی آئی ایم ایف کے دباﺅ کا نتیجہ لگتی ہے . کرنسی ڈیلرز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 اکتوبر 2018 15:01

ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ ‘ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 136 روپے تک پہنچ ..
اسلام آباد/کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 09 اکتوبر۔2018ء) پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آﺅٹ پیکیج لینے کے فیصلے کے بعد ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ دیکھا گیا اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 136 روپے تک پہنچ گیا. انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی روپے کی قدر میں یکدم کمی دیکھنے میں آئی اور ڈالر کی قیمت 11 روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح 136 روپے تک جا پہنچی.

گزشتہ روز مارکیٹ کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 124 روپے 30 پیسے تھی جو منگل کو اچانک بڑھ گئی اور ٹریڈنگ کے دوران قیمت 136روپے سے تجاوز کرتے ہوئے بھی دیکھی گئی.

(جاری ہے)

کرنسی ڈیلرز کے مطابق روپے کی قدر میں حالیہ کمی آئی ایم ایف کے دباﺅ کا نتیجہ لگتی ہے کیونکہ آئی ایم ایف پہلے ہی روپے کی قدر میں 15 فیصد کمی کا مطالبہ کرچکا ہے. ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھنے کا امکان ہے.

انہوں نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کئی ہفتوں سے انٹر بینک مارکیٹ کے مقابلے میں 4 سے 5 روپے سے زائد پر ہی ٹریڈ کررہی تھی. ادھر ایکسچینج کمپنی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ کے باعث اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا دستیاب ہونا مشکل ہے اور جب تک انٹربینک مارکیٹ میں استحکام نہیں آتا ڈالر کی دستیابی مشکل ہے.

انہوں نے کہا کہ موجود حکومت سابق حکومت کی پالیسی کو اپنانے سے گزیر سے اور روپے کی قدر میں کمی سے متعلق باقاعدہ اعلان کرے. دوسری جانب چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر روپے کی قدر کم کی گئی اور حکومت نے اپنے پاوں پر کلہاڑی مارلی. انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور ڈالر کی قدر بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا.

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی بحران کے حل کے لیے حکومت نے بیل آﺅٹ پیکج کے حصول کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کرلیا. وزیر خزانہ کے نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بیل آﺅٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی منظوری دی.

انہوں نے کہا تھا کہ ہر جانے والی حکومت نئی حکومت کے لیے معاشی بحران چھوڑ کر جاتی ہے لیکن ہم ہر نئی حکومت کے آنے پر معاشی بدحالی کا تسلسل توڑنا چاہتے ہیں. دوسری جانب گزشتہ روزپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران شدید مندی کا سامنا ،انڈیکس میں چودہ سو پوائنٹس کی کمی ہوئی. ہنڈرڈ انڈیکس میں کاروبار کے دوران 1400 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی. اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 37898 کی سطح پر بند ہوا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات