Live Updates

عدلیہ پاکستان کے وقار کا ستون ہے،عدالتی معاملات عدالتوں میں ہی رہنے چاہئیں ‘نور الحق قادری

پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کرنیوالے ملک کی شکل میں ابھر کر سامنے آئیگا ، ہمیں اپنی صفوں میں اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے نواز شریف کی جیل سے رہائی کا فیصلہ اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے دیا اس میں عمران خان کیا کر سکتے ہیں‘وفاقی وزیر مذہبی امور کا خطاب

منگل 9 اکتوبر 2018 15:52

عدلیہ پاکستان کے وقار کا ستون ہے،عدالتی معاملات عدالتوں میں ہی رہنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عدلیہ پاکستان کے وقار کا ستون ہے،عدالتی معاملات عدالتوں میں ہی رہنے چاہئیں ،پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کرنے والے ملک کی شکل میں ابھر کر سامنے آئے گا ، ہمیں بس اپنی صفوں میں اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اتحاد الامت سنٹر میں استقبالیہ کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہمارا ایجنڈہ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ پاکستانی کی خوشحالی اور تر قی ہے ،ملک کی ابتدائی مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا ، اللہ تعالیٰ کی نصرت اور کرم ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہے، پاکستان دنیا کے نقشے سے کبھی نہ ختم ہونے والا ملک ہے یہ تا قیامت قائم رہنے والا ملک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی صورتحال میں جلد بہتری آئے گی اور پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کرنے والے ملک کی شکل میں ابھر کر سامنے آئے گا ، ہمیں بس اپنی صفوں میں اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

نور الحق قادری نے کہا کہ فسلطین ، شام ، یمن اور عراق کو منظم سازشوں کے تحت تباہ کیا گیا ، آج شیعہ سنی اور دیگر فرقوں کے نام پر مسلمانوں کو ایک دوسرے سے لڑوایا جارہا ہے ،پاکستان کے بد خواہوں نے بھی اس ملک کو تباہ کرنے کیلئے یہی منصوبہ بنا رکھا ہے مگر ہم نے اس انتشار سے نکلنا ہے اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر نا ہے ، ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور ہم سب اس کے محافظ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کا معاملہ اگر عدالتوں میں چلے گا تو یہ زیادہ بہتر ہے ،عدالتوں کے معاملات ہیں وہ عدالتوں میں ہی رہنے چاہئیں ان کے لئے عدالتی جنگ ضروری ہے، ایسے معاملات کو سڑکوں پر لانے سے نقصان ہوتا ہے اور ہم یہ جنگ ہار جاتے ہیں ، ممتاز قادری کے معاملہ میں بھی یہی ہوا ، اس لئے ایسے معاملات کیلئے عدالتی راستہ اپنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ریاست کے ستونوںمیں سب سے طاقتور ستون اعلیٰ عدلیہ ہے ، عدلیہ پاکستان کے وقار کا ستون ہے ، ہم اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جیل سے رہائی کا فیصلہ اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے دیا اس میں عمران خان کیا کر سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات