بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان شدت اختیار کر گیا،

کراچی سے 1500کلو میٹر دور سمندری طوفان دو روز میں اومان اور یمن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا، پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں،محکمہ موسمیات

منگل 9 اکتوبر 2018 16:02

بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان شدت اختیار کر گیا،
صنعاء /مسقط/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدت اختیار کرگیا،سمندری طوفان دو روز میں اومان اور یمن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا، تاہم اس طوفان سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں،میڈیارپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس نے بتایا کہ سمندری طوفان لوبان کراچی سے 1500کلو میٹر جنوب مغرب میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سمندری طوفان دو روز میں اومان اور یمن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا، تاہم اس طوفان سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق اوڑمارہ، پسنی، گوادر اور کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات بادلوں کی صورت میں نظر آسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان لوبان کیٹیگری ون کے سائیکلون میں تبدیل ہوگیا ہے جو 7کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ طوفان لوبان عمان سے 800کلومیٹر، یمن سے 680 کلومیٹر جبکہ بھارتی ساحل گوپال پور سے 510 کلومیٹر دور ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال میں ہوا کاکم دباو ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے اور یہ ہوا کا کم دباو 10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ ڈپریشن 24گھنٹوں میں سائیکلون بن سکتاہے جس کے بعد یہ طوفان لوبان 11 اکتوبر تک بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔