گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جانب سے ٹی ٹین ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیموں کے اعزا ز میں استقبالیہ دیا گیا

منگل 9 اکتوبر 2018 19:11

گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جانب سے ٹی ٹین ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیموں کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر قسم کا ٹیلنٹ وافر تعداد میں دستیاب ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو کس طرح تلاش اور نکھارا جائے با الخصوص کرکٹ کے کھیل پوری قوم میں بے حد مقبول ہے ہمارے نوجوان کرکٹ کے کھیل سے نہ صرف جنون کی حد تک لگائو رکھتے ہیں بلکہ کرکٹ کے ایونٹس گلی محلوں کی سطح تک بھی منعقد کراتے رہتے ہیں اس ضمن میں ماضی کے شہرہ آفاق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم کی زیر نگرانی اسکول سے نئے ٹیلنٹ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اہم ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں ٹی ٹین( T-10) اسکول لیگ کی فاتح ٹیموں کے اعزا ز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شہر ہ آفاق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم جو کہ شان شوپ نوڈلز کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں ، موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ماضی میں کراچی سے وابستہ نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر منفرد مقام حاصل کیا با الخصوص قومی کرکٹ ٹیم میں ظہیر عباس ، جاوید میاں داد اور دیگر کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر اعلیٰ مقام دلایا ،ایشیا کپ سمیت ورلڈ کپ کی جیت میں کراچی کے کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا ،شہر سے کرکٹ کے لئے نئے ٹیلنٹ کی تلاش وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں ماضی کے شہرہ آفاق کھلاڑیوں کا آگے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند ہے ۔

ملاقات میں فرسٹ اسکول کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کی کوآرڈینیٹر علینہ خواجہ نے گورنرسندھ کو بتایا کہ شان شوپ نوڈلز کی اسپانسر شپ سے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ، بوائز ٹورنامنٹ میں 32 ٹیموں نے شرکت کی جس میں ڈی سٹیزن فائونڈیشن بلدیہ ٹائون فاتح رہی اسی طرح گرلز کے ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں نے شرکت کی جس میں بیکن ہائوس ٹیم فاتح رہی ۔ شہر ہ آفاق کھلاڑی وسیم اکرم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد اسکول کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش ہے اسکول کی سطح کی ٹیموں میں بے پناہ ٹیلنٹ دستیاب ہے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑی قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ، ماضی میں اسکول کرکٹ ٹیمیں کافی مضبوط ہوا کرتی تھیں لیکن آج صورتحال اس کے برعکس ہے جس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔