Live Updates

آل پاکستان بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ٹیچرز کا ملک بھر سے 12ہزار سے زائد اساتذہ کو فوری طور پر مستقل کرنے کا مطالبہ

منگل 9 اکتوبر 2018 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) آل پاکستان بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ٹیچرز کے صدر مظاہر حسین اور جنرل سیکرٹری نعمت اللہ نے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر سے 12ہزار سے زائد اساتذہ کو فوری طور پر مستقل کیا جائے۔نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ملک بھر میں غیر رسمی تعلیم دے رہے ہیں۔

انہوں نے منصوبہ کے تحت 6 لاکھ طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔اس پراجیکٹ کے ایم او یو کے تحت ٹیچرز کو پراجیکٹ سہ ماہی تنخواہ کی ادائیگی کا پابند ہے لیکن ہمیں تین سے زیادہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمی منصوبہ 1998ء میں ناروے کے تعاون سے شروع ہوا تھا اور 2003ء تک اس پراجیکٹ کو ناروے گورنمنٹ کے ڈونیشن پر چلایا گیا، اس کے بعد پھر ان سکولوں کو نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن (این ای ایف) کے تعاون سے 2007ء تک جاری رکھا گیا، 2007ء میں ان سکولوں کو بی ای سی ایس میں ضم کیا گیا اور جون 2018ء تک بی ای سی ایس ان کو ادائیگی کا پابند تھا جو کہ منسٹری آف ایجوکیشن کے تعاون سے جاری تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کے اعلان کے مطابق مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 15000 روپے ہے لیکن اس کے باوجود پراجیکٹ ٹیچرز کی تنخواہیں اب تک 8000 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2011ء میں ہم نے ایک دھرنا دیا تھا جس میں پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے ہمارے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ اگر ہماری حکومت آ جائے تو ہم ان اساتذہ کو مستقل کر دیں گے۔ لہٰذا ہمارا مطالبہ وزیراعظم عمران خان، ایجوکیشن منسٹر شفقت محمود اور سیکرٹری ایجوکیشن سے مطالبہ ہے کہ ہمیں فوری طور پر مستقل کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات