Live Updates

حکومت پارلیمنٹ سمیت عالمی سطح پر 295سی کا دفاع کریگی،آسیہ کیس کو سڑکوں پر لانے کی بجائے عدالت میں ہی رہنا چاہئے‘نور الحق قادری

ممتاز قادری کے معاملہ پر عدالت کے بجائے سڑکوں پر آنے پر فوکس کیا گیا ،کوشش ہے ملک میں انتشار کی کیفیت پیدا نہ ہو،جو لوگ ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ان کے عزائم ناکام بنا دیں گے‘وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

منگل 9 اکتوبر 2018 20:30

حکومت پارلیمنٹ سمیت عالمی سطح پر 295سی کا دفاع کریگی،آسیہ کیس کو سڑکوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ سمیت بین الاقوامی سطح پر 295سی کا کسی بھی مذہبی جماعت سے زیادہ دفاع کرے گی،آسیہ کیس عدالت میں ہے جس کو سڑکوں پر لانے کے بجائے عدالت میں ہی رہنا چاہئے،ممتاز قادری کے معاملہ پر عدالت کے بجائے سڑکوں پر آنے پر فوکس کیا گیا ،کوشش ہے کہ ملک میں کوئی انارکی ،انتشار کی کیفیت پیدا نہ ہو،جو لوگ ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ان کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے اتحاد امت اسلامک سنٹر کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر علامہ محمد ضیاء الحق نقشبندی ، قاری زوار بہادر ، علامہ راغب حسین نعیمی، پیر سید منور جماعتی سمیت دیگر علماء و مشائخ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے بز رگوں نے پاکستان کے قیام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا لیکن اب قیام پاکستان کے بعد استحکام پاکستان کا وقت ہے جس کا بیڑا وزیراعظم عمران خان نے اٹھایا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ،ْ معیشت کو درپیش مسائل اور عوام کی مشکلات حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے لیکن اس بات کو بھی جاننے کی ضرورت ہے کہ یہ سب مسائل کس نے پیدا کئے ،ْ 2013 سے 2018ء تک ملک پر قانونی قرضوں کا حجم تقریباً دوگنا ہو چکا ہے اور پاکستانی قوم روزانہ 5 ارب سود کی مد میں ادا کرتی ہے تاہم موجودہ حکومت نے یہ تہیہ کیا ہے کہ معیشت کے شعبہ میں اصلاحات لانے کے ساتھ ساتھ دیگر معاشی مسائل حل کئے جائیں جس کی قوم کو وقتی طور پر مشکلات ہوں گی لیکن آنیوالے دنوں میں ملک ترقی کی راہ پر گا مزن ہو جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ حکومت کو یہ کہا گیا کہ تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھانے سے تحریک انصاف ضمنی الیکشن ہار جائے گی لیکن وزیراعظم اس موقف پر قائم رہے کہ ہمارا ایجنڈا الیکشن جیتنے کا نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا ہے ،ْ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ ملک کو درپیش ابتدائی مشکلات پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ختم ہونیولا نہیں بلکہ قیامت تک آباد رہنے والا ہے، اس کی معیشت بھی بہتر ہو گی ،ْ یہ ملک خطے میں اسلامی دنیا کی قیادت کرنے والا بنے گا جس کیلئے اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے ۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ایک سازش کے تحت عراق ،ْ یمن ،ْ لیبیا ،ْ شام سمیت اسلامی دنیا کے مسلمانوں کو لڑایا گیا، اس میں ہمارا کردار یہ ہے کہ آپس کے اختلافات اور انتشار سے نکلیں، اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں، دشمنوں کو پیغام دیں کہ یہ ہم سب کا ملک ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں۔آسیہ کیس کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کیس عدالت میں چل رہا ہے اور اس کو عدالت میں ہی رہنا چاہئے ،ْ عدالت کی جنگ سڑکوں پر آتی ہے تو عدالتی جنگ ہار جاتے ہیں ،ْ ممتاز قادری کے معاملے پر بھی سڑکوں پر فوکس رکھا گیا اور عدالت پر توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ ایک باوقار ستون ہے جس کی مثال یہ ہے کہ عمران خان عرصہ دراز سے نوازشریف کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے رہے اور پھر وہ گرفتار ہوئے لیکن عمران خان کے و زیراعظم ہونے کے باوجود نوازشریف کو عدالت کے دو معزز ججز نے رہا کر دیا ،ْجس میں انتظامیہ کا کوئی اختیار نہ تھا ،ْ295 سی کے معاملے پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارا موقف دو ٹوک ہے جبکہ پی ٹی آئی بھی کسی مذہبی جماعت سے زیادہ پارلیمنٹ سمیت بین الاقوامی سطح پر 295 سی کا دفاع کرے گی۔

عمرہ فیس میں اضافی 2 ہزار ریال لگانے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورہ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے بات ہوئی ہے اور اس سلسلہ میں سعودی سفیر نے بھی بتایا ہے کہ وزیراعظم کی اس خواہش کی تکمیل ہو گی اور 2 ہزار ریال اضافی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا ،ْ علماء کو ہیلمٹ پہننے سے مستثنیٰ قرار دینے کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ جان کی حفاظت فرض ہے جبکہ امامہ پہننا سنت غیر مؤقدہ ہے ،ْ اگر ہیلمٹ کی پابندی اس حوالے سے لگائی گئی کہ لوگ پگڑیاں نہ پہنیں تو یہ غلط ہے اور اگر یہ حفاظتی تدابیر کیلئے لگائی گئیں تو قرآن مجید میں بھی حفاظت کا ذکربہت موقعوں پر آیا ہے ،ْ اس پر علماء کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے بلکہ علماء کرام اپنے خطبات میں ٹریفک قوانین کے احترام کو موضوع بنائیں ،ْعمران خان کے وزیر اعظم ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک درویش صفت آدمی ہیں ،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا جب ذکر آتا ہے تو عمران خان کی آنکھوں میں چمک آجاتی ہے،عمران خان نے پہلا دورہ سعودی عرب کا کیا ،جب وہاں پہنچے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں ننگے پائوں ایئرپورٹ سے باہر آئے ،جس شخص کا توکل علی اللہ اتنا زیادہ ہے اللہ اس کی مدد کرتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات