Live Updates

بلوچستان سے اہم ترین اتحادی نے حکومت کو خبردار کردیا

حکومت نے بلوچستان سے متعلق اپنے معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا تو حکومت سے الگ ہونا آتا ہے،اختر مینگل

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 9 اکتوبر 2018 19:16

بلوچستان سے اہم ترین اتحادی نے حکومت کو خبردار کردیا
کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 اکتوبر 2018ء) :بلوچستان سے اہم ترین اتحادی نے حکومت کو خبردار کردیا۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت نے بلوچستان سے متعلق اپنے معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا تو حکومت سے الگ ہونا آتا ہے۔تفصیلات کے مطابق جولائی 2018 کے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان میں تحریک انصاف کو اپنی حکومت قائم کرنے کے لیے اتحادیوں کا ساتھ بھی چاہیے تھا تاکہ وہ وفاق میں نمبر گیم پوری کر سکے ۔

اس دوران اس نے بہت سی سیاسی جماعتوں سے ہاتھ ملایا اور بہت سے سیاسی دھڑوں نے مشروط طور پر وفاق میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا۔ان میں سے ہی ایک جماعت اختر مینگل کی بلوچستان عوامی پارٹی تھی۔مسلسل مذاکرت کے بعد اختر مینگل کی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کا تحریک انصاف سے معاہدہ طے پا یا تھا،جس کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی نے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

طے پائے جانے والے معاہدے کے مطابق عمران خان کو بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنا ہوگا اور مسنگ پرسنز کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کرنے ہوں گے۔اس طرح دونوں جماعتوں میں 6 نکاتی معاہدہ طے پایا ۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق اختر مینگل حکومت کی جانب سے کئیے جانے والے اقدامات سے مطمئن نہیں اور انہوں نے حکومت کو خبردار کردیا ہے۔وہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں وزارتوں کا کوئی شوق نہیں ،ہمارے ساتھ جو وعدے کئے گئے انھیں پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق پر کسی کو سودا بازی نہیں کرنے دیں گے۔سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر اعتماد میں نہیں لیا گیا تو سخت لائحہ عمل طے کریں گے۔بلوچستان کی عوام نے جس طرح ہم پر اعتماد کیا ہے ان کے اعتماد پر پورا ُترنے کی کوشش کریں گے۔ سردار اختر مینگل نے کہاکہ ہم بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشش کر رہے ہیں مگر وہ ترقی نہیں چاہتے جس کی وجہ سے ہمیں اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کے ساحل و وسائل کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات