شکایت پرپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی تحقیقات، عطائیت کرنے پر5لاکھ روپے جرمانہ

منگل 9 اکتوبر 2018 21:11

لاہور۔9اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے عطائیت کرنے پرعلاجگاہ کو 5لاکھ روپے جرمانہ کرتے ہوئے پولیس کومقدمہ درج کر کے مزید فوجداری کارروائی کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کمیشن کو جنید اعظم نے درخواست دی کہ وہ اپنی بیوی کوبچے کی ڈلیوری کے لیے آصفہ کامران کے الرحمان کلینک اینڈ میٹرنٹی ہوم بھڈل سنت ملتا ن لے کر گیا ،جہاں پرمریضہ کوڈرپ لگا دی گئی مگراس کے فوراًً بعد مریضہ کی طبیعت خراب ہو گئی اورزچہ وبچہ کی اموات ہوگئیں۔

کمیشن کی تحقیقات میں ثابت ہواکہ آصفہ کامران خود کو لیڈی ڈاکٹر ظاہر کر کے گائنی کی سہولیات مہیا کر رہی تھی۔ شکایت درست ثابت ہونے پر کمیشن نے اپنے ایکٹ کے مطابق پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر نے کے ساتھ ساتھ پولیس کو مقدمہ درج کر کے فوجداری کارروائی کی بھی ہدایات کی ہیں۔ مزید براں کمیشن نے علاج گاہ کی مالکہ آصفہ کامران کا کیس پاکستان نرسنگ کونسل کو بھی بھجوا دیا ہے تاکہ مزید کارروائی کی جاسکے۔