سپریم کورٹ ، اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کے حفاظتی مچلکوں کی واپسی کے لئے درخواست پر شکایت کنندہ جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری

منگل 9 اکتوبر 2018 21:29

سپریم کورٹ ، اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کے حفاظتی مچلکوں کی واپسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کے حفاظتی مچلکوں کی واپسی کے لئے درخواست پر شکایت کنندہ جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دس روز کیلئے ملتوی کردی ہے۔ منگل کوجسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجسٹس مشیرعالم نے پرویز مشرف کے حفاظتی مچلکوں کی واپسی کے لئے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالت کوبتایا جائے کہ کیا مچلکوں کی واپسی پر ریاست کو کوئی اعتراض ہے جس پروکیل استغاثہ نے عدالت کوبتایا کہ ریاست کو مچلکوں کی واپسی پرکوئی اعتراض نہیں جبکہ ا س حوالے سے مدعی نے کوئی اپیل بھی نہیں کی۔

جس پرجسٹس مشیر عالم نے کہا کہ عدالت کی تسلی کے لئے ہم مدعی کو نوٹس جاری کردیتے ہیں،بعدازاں عدالت نے شکایت کنندہ جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی -