ڈپٹی کمشنرمردان کے زیرصدارت خسرہ کیخلاف مہم کی تیاریوں بارے اجلاس

منگل 9 اکتوبر 2018 21:29

مردان۔09 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع مردان میں بھی پیر15 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک خسرے کے خلاف قومی مہم کے دوران مہینے سے 59 مہینے تک کے تین لاکھ 56 ہزار سے زائد بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود کی زیر صدارت ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر مردان عطاء اللہ خان ، اسسٹنٹ کمشنر تخت با ئی ثوبیہ ضیاء ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر فضل ہادی ، محکمہ تعلیم ،صحت ، ڈبلیو ایچ او ، بہبود آبادی ، پولیس ،یونیسف ، سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ علمائے کرام کی نمائندگی مولانا اسرار الحق نے کی ۔

اجلاس میں ضلع بھرمیں خسرے سے بچاؤ کے مہم کی تیاریوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسود نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک سے خسرے کی بیماری کے خاتمے کے لیے اس مہم کو کامیاب بنانا سب کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اُن کو بتایا گیا کہ مہم کے لیے 237ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو تمام یونین کونسلوں میں جاکر بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ویکسین کے ٹیکے لگائیں گی ۔ڈپٹی کمشنر مردان نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو ہر صورت میں کامیا ب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں تاکہ ہم اپنی نئی نسل کو اس خطرناک بیماری سے بچا سکیں ۔

متعلقہ عنوان :