الخدمت فائونڈیشن بہاول پور کے زیر اہتمام بے روز گار افراد میں چھوٹے کاروبار کے لیے قرض حسنہ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب

منگل 9 اکتوبر 2018 21:53

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2018ء) الخدمت فائونڈیشن بہاول پور کے زیر اہتمام بے روز گار افراد میں چھوٹے کاروبار کے لیے قرض حسنہ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا :تقریب میں سابق امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر،ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن چوہدری احسان جنرل سیکرٹری عمر فاروق، ڈائریکٹر مواخات پروگرام ظفر اللہ عاصم سمیت دیگر راہنماوں نے شرکت کی۔

جماعت اسلامی کے سابق پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرض حسنہ دینے کا مقصد بے روزگاروں کو چھوٹے کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے اور اس قرض حسنہ میں کسی بھی قسم کا سود نہیں لیا جاتا،:قرض حسنہ کی مد میں ایک شہری کو پچیس ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام متعدد رفاہی پروجیکٹس چل رہے ہیں جو صرف اور صرف غریب اور نادار لوگوں کی امداد کیلئے کام کر رہے ہیں الخدمت فانڈیشن اپنے پروجیکٹس کے مزید بہترین نتائج کے حصول کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سر فہرست پروجیکٹس میں کفالت یتامی پروگرام، ایمرجنسی سروسز، کمیونٹی سروسز، تعلیم وصحت، ہسپتال ڈائیگنوسٹ سینٹر، لیبارٹریاں، واٹر پلانٹس، ادویات، ڈسپنسریاںو دیگر پروجیکٹس شامل ہیں اور ان کی کارکردگی کو مزید بہتربنا نے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کا ادارہ 1990ء سے بطور این جی او کام کر رہا ہے اور اس کا نیٹ ورک ملک بھر میں لاکھوں رضاکاروں پر مشتمل متحرک ٹیم کی صورت میں موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے مخیر حضرات الخدمت فائونڈیشن پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں اور ہمارے رضا کار اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے 24گھنٹے سر گرم عمل رہتے ہیں۔

آخر میں ڈاکٹرسید وسیم اختر نے قرضہ حسنہ کے چیکس تقسیم کیے ۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 29افراد 8لاکھ کا قرض حسنہ دیا گیا