پشاور، کلین اینڈ گرین پشاور مہم، دیواروں و سرکاری املاک پر پوسٹر / وال چاکنگ کر نے والوں کے خلاف 60 نوٹس جاری

پشاور کی خوبصورتی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ

منگل 9 اکتوبر 2018 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2018ء) پشاور کی خوبصورتی کو گہن لگانے والوں کے خلاف انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں سرکاری املاک پر پوسٹر چسپاں کرنے / وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف 60 سے زائد نوٹس جاری۔ان افراد کو قید یا جرمانہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔کلین اینڈ گرین پشاورکے حوالے سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر پشاو ر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون ون اصلاح الدین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو سرکاری املاک و دیواروں پر پوسٹر چسپاں کرنی/ وال چاکنگ کرنے والوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا اور کہا گیا کہ اب تک ان افراد کو 60 نوٹس جاری کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور نے پشاور کی حدود میں سرکاری املاک اور دیواروں پر پوسٹرچسپاں کرنی/وال چاکنگ کرنے پر دفعہ 144 کے تحت پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پشاور کو خوبصورت بنانے کے لیے عوام تعاون کریں اور کسی بھی جگہ پوسٹر / وال چاکنگ کی تصویر کھینچ کر ضلعی انتظامیہ کے وٹس ایپ نمبر 0336-5811119 پر بھیج دیں۔ جس پر ضروری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔