کراچی، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے ورلڈ بینک کے ایک 5 رکنی وفد کی ملاقات

وفد نے صوبائی وزیر بلدیات کو ورلڈ بینک کی جانب سے مقامی اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے سمیت سندھ بھر میں سولڈ ویسٹ ڈسپوزل، انفرااسٹریکچر بلڈنگ کے تحت فلڈ ڈرینیج کینال اور مقامی اداروں کی سہولیات کو بڑھانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی

منگل 9 اکتوبر 2018 22:58

کراچی، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے ورلڈ بینک کے ایک 5 رکنی وفد کی  ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے منگل کے روز ورلڈ بینک کے ایک 5 رکنی وفد نے میکا پیٹری کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں اربن ڈویلپمنٹ یونٹ ساؤتھ ایشیا کی پریکٹس مینیجر کیٹلینا مارولانڈہ، ڈائریکٹر اسٹریجیٹی اینڈ آپریشن انا ویلنسٹن، اربن ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ ساؤتھ ایشیا ریجن شعیب اطہر اور کبیر دیوانی شامل تھے۔

جبکہ اس موقع پر ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ ڈاکٹر سعید احمد، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نیاز احمد سومرو، ڈائریکٹر پلاننگ لوکل گورنمنٹ فہیم جونیجو، ڈی ایم سی ملیر اور گورنگی کے میونسپل کمشنرز اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو ورلڈ بینک کی جانب سے مقامی اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے سمیت سندھ بھر میں سولڈ ویسٹ ڈسپوزل، انفرااسٹریکچر بلڈنگ کے تحت فلڈ ڈرینیج کینال اور مقامی اداروں کی سہولیات کو بڑھانے میں ورلڈ بینک کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیر بلدیات کو کراچی سمیت دیگر بھر کے مختلف اضلاع میں ورلڈ بینک کے تعاون سے مختلف منصوبوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مقامی نظام کے ذریعے ہم عوام کو نچلی سطح تک سہولیات کی فراہمی میں حکومت سندھ اور محکمہ بلدیات کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی نے وفد کو کراچی میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت شروع کئے گئے کام اور اس حوالے سے اب تک کی جانے والی کاوشوں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے ورلڈ بینک کے وفد کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس سلسلے میں انہیں محکمہ بلدیات کے تحت جو بھی معلومات اور مدد درکار ہوئی انہیں فراہم کی جائیں گے اور آئندہ ایک ہفتہ کے دوران وفد محکمہ بلدیات کے زیر انتظام دیگر محکموں سے بھی معلومات کی رسائی کرلے، جس کے بعد مزید اس پر پیش رفت اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے غور و خوض کیا جائے گا۔

قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات نے منگل کی صبح 9.00 بجے اچانک لوکل گورنمنٹ کے دفاتر کا دورہ کیا اور سیکرٹری بلدیات سمیت دیگر افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کئی افسران اور ملازمین کی تاخیر کا انہوں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ وہ ملازمین کی بروقت حاضری کو یقینی بنائیں اور تاخیر سے آنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف محکمہ ذاتی کارروائی کریں۔

اس موقع پر کئی تاخیر سے آنے والے ملازمین نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ انہیں شہر کے مختلف علاقوں سے پوائنٹس کے ذریعے آفس آنا پڑتا ہے اور اس میں بعض اوقات پوائنٹس کی تاخیر سے انہیں دشواری کا سامنا ہے، جس پر صوبائی وزیر بلدیات نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ وہ اس سلسلے میں پوائنٹس کی انتظامیہ سے بات کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ملازمین کو صبح 9.00 بجے سے قبل ہی پہنچانے کو یقینی بنائیں۔ #