ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پولیس اور محکمہ بلدیات مل کر لائحہ عمل طے کریں، وزیر بلدیات سندھ

منگل 9 اکتوبر 2018 23:08

ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پولیس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پولیس اور محکمہ بلدیات مل کر لائحہ عمل طے کریں اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پولیس اور محکمہ بلدیات کے تمام ادارے بشمول کے ڈی اے، ایس بی سی اے، ایل ڈی اے، ایم ڈی اے اور تمام ڈی ایم سیز مل کر اس شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور اہم شاہراہوں سمیت تمام شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مل جل کر اپنا کردار ادا کریں گی اور اس سلسلے میں سندھ حکومت ان کی بھرپور معاونت کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز سیکرٹری بلدیات کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جہانگیر، تمام زونز کے ایس پیز ٹریفک، اسپیشل سیکرٹری بلدیات نیاز احمد سومرو، ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، ڈی جی ایل ڈی اے عزیر میمن، تمام ڈی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات ہیں کہ کراچی میں تجاوزات کے خاتمے اور کراچی کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کے نظام کو درست سمت میں لایا جائے اور اس سلسلے میں پولیس، ٹریفک پولیس اور کراچی کی بلدیاتی حکومتیں مل کر اقدامات کریں، وزیر بلدیات سندھ نے کہاکہ ایس بی سی اے اور کے ڈی اے کی جانب سے شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن تیزی سے جاری ہے اور تمام ڈی ایم سیز میں بھی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیع ہے کہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور انہیں گھنٹوں شہر میں ٹریفک جام اور جگہ جگہ قائم تجاوزات سے چھٹکارا دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجلاس میں مئیر کراچی وسیم اختر کو بھی آنا تھا لیکن ان کی دیگر مصروفیات کی بنا پر وہ نہیں آسکے البتہ ان کی نمائندگی کے لئے افسران یہاں موجود ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام اضلاع اور ڈسٹرکٹ کونسل میں دو دو اہم شاہراہوں کو ماڈل کے طور پر بنانے کے لئے کام کا آغاز کیا جائے گا اور اس سے قبل شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کو مکمل اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں اس شہر کے لئے سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہوگا اور اس لئے ہمیں اب ایسے اقدمات کرنے ہوں گے، جس کا براہ راست فائدہ عام عوام کو پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ شہر کی تمام بڑی اور چھوٹی شاہراہوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ ہو اور وہاں ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹ کے ایس پیز اور میونسپل کمشنرز کے ساتھ ساتھ کے ڈی اے اور ایس بی سی اے کے افسران اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں اجلاس مرتب کرکے 3 روز میں اپنی رپورٹ مجھے اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی کو دے دیں اور اپنے اپنے ڈسٹرکٹ کی پہلے مرحلے میں دو اہم شاہراہوں کا تعین کرلیں، جس کے بعد ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایک پریس کانفرنس کرکے میڈیا کے ذریعے عوام تک پیغام پہنچائیں اور اس پریس کانفرنس میں ہم تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو بھی ساتھ لیں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے سندھ حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم سندھ حکومت کے تعاون سے اس شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ جہاں حادثات میں کمی ہو وہاں اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم پر بھی قابو پایا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے آج سے ون وے توڑنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور جلد ہی ہیلمنٹ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم شروع کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل برداشت ہے کہ کراچی میں یومیہ 3 افراد مختلف حادثات کے باعث اپنی قیمتی جان گنوا بیٹھتے ہیں جبکہ روزانہ درجنوں افراد زخمی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور ٹریفک جام کی مختلف وجوہات ہیں، جن میں ٹریفک انجنئیرنگ بیورو، کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز کو مل کر کام کرنا ہوگا اور آج سندھ حکومت اور بالخصوص محکمہ بلدیات سندھ اور ان کے وزیر کی جانب سے جو اقدامات کئے گئے ہیں اس سے امید ہے کہ ہم جلد ہی اپنا ٹاسک حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس سندھ حکومت کے ساتھ مکمل طور پر ساتھ ہے اور ہم اس شہر کے نظام کو بہتر بنانے اور بے ہنگم ٹریفک اور تجاوزات کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے ڈی ایم سیز، کے ایم سی، کے ڈی اے، ایس بی سی اے سمیت کسی کو بھی ہماری مدد درکار ہوگی ہم فراہم کریں گے اور انشاء اللہ اس سلسلے میں عوام میں آگاہی کو فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔