گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ناروے کے سفیر کی ملاقات

ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادل خیال کیاگیا

منگل 9 اکتوبر 2018 23:16

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ناروے کے سفیر کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں ناروے کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال اور دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ پاکستان اور نارورے کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں سے ایک دو سرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے اور اس حوالے سے پاکستانی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت معیشت کو مضبوط خطوط پر استوار کرنے کے لئے لانگ ٹرم پالیسیاں بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت ، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ناروے کے سفیرنے کہا کہ ناروے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ ، نوجوانوں کو فنی تربیت دینے اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے تعاون کو یقینی بنائے گا ۔اس موقع پر ناروے کے سفیر نے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی ۔