ورلڈ بینک کے گروپ ڈائریکٹر گلوبل اربن کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد کی میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات

کراچی کی بہتری کے لئے جو بھی ادارہ آگے بڑھے ہم اس کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،میئر کراچی وسیم اختر

منگل 9 اکتوبر 2018 23:16

ورلڈ بینک کے گروپ ڈائریکٹر گلوبل اربن کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) ورلڈ بینک کے گروپ ڈائریکٹر گلوبل اربن Ms. Anna Wallenstein کی سربراہی میں ایک پانچ رکنی وفد نے میئر کراچی وسیم اختر سے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور عالمی بینک کے فنڈز کے تحت جاری کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ (KNIP) اور ورلڈ بینک کے اشتراک و تعاون سے مستقبل کے لئے بنائے گئے منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، عالمی بینک کے اربن اسپیشلسٹ صہیب اطہر، اربن اینالسٹ کبیر داوانی، منیجر برائے سائوتھ ایشیا Catalina Marulanda ، لیڈ لینڈ ایڈمن اسپیشلسٹMika Torhouen کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ورکس اقتدار احمد،سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر ایس ایم شکیب اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے ماہرین نے کراچی میں ورلڈ بینک کی سرگرمیوں کے متعلق میئر کراچی وسیم اختر کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کراچی ٹرانسفورمیشن اسٹریٹجی پروگرام کے تحت انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ جس میں اہم سڑکیں اور مختلف علاقوں میں واقع برساتی نالے شامل ہیں کے علاوہ پراپرٹی ریکوری سسٹم اور لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ میں انسٹیٹیوشن بہتری اور استحکام پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لئے جو بھی ادارہ آگے بڑھے ہم اس کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، ہمارا مقصد کراچی شہر کے دیرینہ مسائل پر قابو پانا اور شہریوں کو معیاری بلدیاتی خدمات فراہم کرنا ہے جس کے لئے عالمی بینک سمیت مختلف مالیاتی اداروں سے ٹیکنیکل تعاون حاصل کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ماہرین کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی اسٹڈی کے سلسلے میں پہلے بھی کراچی آچکے ہیں اور ان سے ہونے والی ملاقاتیں مفید ثابت ہوئی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ کراچی میں جو بھی ترقیاتی کام شروع کیا جائے اس کی مکمل اسٹڈی کی جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائی جائے تاکہ بنائے جانے والے منصوبے پائیدار ثابت ہوں اور کراچی کے شہری طویل مدت تک ان سے مستفید ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ (KNIP) ایک بڑا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہر کا بنیادی انفراسٹرکچر بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پروجیکٹ پر عملدرآمد کے سلسلے میں عالمی بینک کے نمائندوں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جارہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کراچی کی ترقی کے لئے شروع کیا گیا یہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل ہوگا اور کراچی کے شہریوں کو دنیا کے دیگر میٹروپولیٹن شہروں کی طرز پر معیاری شہری سہولیات میسر آئیں گی۔