وفاقی وزیر سینیٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت غریب اور محروم طبقات کیلئے قانونی مدد کے طریقہ کار وضع کرنے کے لئے قائم مشترکہ بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس

منگل 9 اکتوبر 2018 23:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) معاشرے کے غریب اور محروم طبقات کے لئے قانونی مدد کے طریقہ کار کو وضع کرنے کے لئے قائم کی گئی مشترکہ بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت ہوا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں معاشرے کے غریب اور محروم طبقات کے لئے قانونی امداد کے مکینزم کے مسودہ کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری وزارت انسانی حقوق نے کمیٹی کو برطانیہ اور بھارت میں رائج قانونی امداد کے مکینزم کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فروغ نسیم نے مرکزی سٹیچوٹری اتھارٹی کے ساتھ ایک موزوں ماڈل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے عملدرآمدی ادارے صوبوں سے ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے غریب اور ضرورت مند افراد کے لئے پاکستان سے متعلق مخصوص قانونی امداد کے مکینزم کی تجویز سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے غریب افراد کے لئے قانونی امداد کے ذرائع اور میرٹ کے طریقہ کار پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی امداد کو لوئر مڈل کلاس کے لئے بھی مختص ہونا چاہیے جن کے پاس زیادہ وسائل نہیں اور وہ دفاع نہیں کر سکتے۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملیکہ بخاری نے بھی شرکت کی۔