Live Updates

پانچ سال کیلئے نااہل قراردینے کے فیصلہ کے خلاف لیگی رہنما طلال چوہدری کی انٹراکوٹ اپیل خارج

منگل 9 اکتوبر 2018 23:56

پانچ سال کیلئے نااہل قراردینے کے فیصلہ کے خلاف لیگی رہنما طلال چوہدری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ نے لیگی رہنما طلال چوہدری کی توہین عدالت کیس میں پانچ سال کیلئے نااہل قراردینے کے فیصلہ کے خلاف انٹراکوٹ اپیل خارج کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میاں نواز شریف نے بھی عدلیہ کیخلاف بات کرنے پرطلال چوہدری کو منع نہیں کیاتھا،طلال چوہدری نے جن کے سامنے توہین عدالت کی ان کو نوٹس کرنے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں، منگل کوچیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے طلال چوہدری کی جانب سے اپنی سزاکے خلاف دائر انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی اس موقع پرطلال چوہدری اپنے وکیل کامران مرتضیٰ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کیس کی سماعت شروع ہونے کے بعد طلال چوہدری کی تقریر کی ویڈیو دوبارہ کمرہ عدالت میں چلائی۔

(جاری ہے)

جس کودیکھنے کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کن لوگوں کو پی سی او کے بت کہاجارہا ہے۔کیا اپنے والدین کیلئے بھی ایسے الفاظ بولے جاتے ہیں،طلال چوہدری کیابت شکن بن گیا ہے، سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ میرے موکل کا کوئی دوسرا ذریعہ آمدن نہیں ، جبکہ سزا کے باعث وہ وکالت بھی نہیں کر سکیں گے۔

عدالت کے استفسار پر طلال چوہدری نے بتایاکہ انہوں نے بہت کم وکالت کی ہے، میں نے پی سی او کا لفظ علامتی طور پراستعمال کیا تھا ، فاضل وکیل نے کہا کہ میرے موکل نے پانچ گواہان عدالت میں پیش کئے تھے جن میں سے کسی نے بات کا مطلب ایسا نہیں لیا جس طرح عدالت کہہ رہی ہے ۔عدالت نے مرزا اسلم بیگ کیس میں لچک کا مظاہرہ کیاتھا تواس کیس میں بھی لچک دکھائی جائے ۔

جس پرچیف جسٹس نے ان سے کہا کہ اگر آپ کہتے ہیں تو ہم تمام ویڈیوز منگوا لیتے ہیں۔اگر بات آپ کے حق میں جاتی ہے توہمیں بتایا جائے ۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ عدالت نے یہاں نواز شریف کے مقدمہ میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ عمران خان سمیت اس طرح کے مختلف مقدمات میںمعافی دی ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ وہ مختلف مقدمات ہیں یہاں ہم پر کفر کا فتوی لگایا گیا, اس سے بڑھ کر کیا توہین عدالت ہو سکتی ہے یہ تو اٹارنی جنرل آفس کی نااہلی ہے کہ انہوں نے سزا میں اضافے کی اپیل نہیں کی۔ بعدازاں عدالت نے انٹراکورٹ اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ طلال چوہدری کی پانچ سال نا اہلی کی سزا برقراررہی گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات