Live Updates

پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چئیرمین تعینات کر دیا گیا

نوجوانوں کی نمائندگی کے لیے عثمان ڈار بہترین اںتخاب ہیں۔ وزیراعظم عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 11:34

پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چئیرمین تعینات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چئیرمین تعینات کر دیا گیا ہے۔ عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چئیرمین تعینات کرنے کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے بھی دے دی جس کے بعد ان کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری ہوگیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی نمائندگی کے لیے عثمان ڈار بہترین انتخاب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چئیرمین کے عہدے پر تعیناتی پر عثمان ڈار نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم نے مجھ پر جو اعتماد کا اظہار کیا میں اُس پر پورا اُتروں گا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے عثمان ڈار کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ سابق دور حکومت میں شروع کی جانے والی لیپ ٹاپ اسکیم کا آڈٹ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے این اے 73 سے پاکستان مسلم لیگ ن کےرہنما خواجہ آصف کے مقابلے میں انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف 115067 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارنے حلقے سے 113774 ووٹ حاصل کیے۔

انتخابات میں ناکامی کے بعد عثمان ڈار نے کئی مرتبہ خواجہ آصف کی کامیابی کو چیلنج کرنے کے لیے عدالتوں کا رُخ کیا۔ گذشتہ ماہ 22 ستمبر کو بھی عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں انتخابی عذرداری کی درخواست دائر کی۔ جس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف انتخابی عذرداری کے مرتکب ہوئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جانے والے بیان حلفی میں اپنے اثاثے چھُپائے لہٰذا ان کی کامیابی کو کالعدم قرار دے کر حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا جائے۔ خواجہ آصف کی کامیابی کو کالعدم قرار دئے جانے کے معاملے پر ناکامی کے بعد عثمان ڈار کو بالآخر وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چئیرمین تعینات کر دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات