غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی 11ویںکوشش ناکام،اسرائیلی فائرنگ سے 29 فلسطینی شہری زخمی

بدھ 10 اکتوبر 2018 12:38

غزہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پربحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 29 شہری زخمی ہوگئے۔ غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی یہ گیارہویں کوشش تھی ۔

(جاری ہے)

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 29 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ ان زخمیوں میں سے 11گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ غزہ کے مقام پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام گذشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔