انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا

منشا بم کی ضمانت دینے والوں کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا فیصلہ، عدالت نے منشا بم اور بیٹوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 12:33

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹوں کے شناختی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے منشاء بم اور اس کے چاروں بیٹوں کے شناختی کارڈز نادرا سے بلاک کروانے کا حکم دے دیا۔ جبکہ منشا بم اور اس کے بیٹوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی دوبارہ جاری کردئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے منشا بم کے خلاف ایل ڈی اے ٹیم پر حملہ کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے منشاء بم اور اس کے چاروں بیٹوں کے شناختی کارڈ نمبر نادرا سے بلاک کروانے کا حکم دے دیا اور منشا بم اور اس کے چاروں بیٹوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیئے۔ واضح رہے کہ عدالتی حکم کے باوجود منشاء بم روپوش ہے اور پولیس منشا بم کو گرفتار کرنے یا اس کا کھوج لگانے کے حوالے سے تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

منشا بم کی روپوشی پر 4 اکتوبر کو منشا بم اور بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ عدالت نے منشا بم کو بیٹوں سمیت گرفتار کر کے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ عدالت نے ایس ایچ او جوہر ٹاؤن کو رپورٹ عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جبکہ دوسری جانب منشا بم کے ضمانتیوں کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔قبل ازیں قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والا منشاء بم پولیس کے چھاپے کے دوران مزاحمت کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔

سپریم کورٹ نے لاہور میں قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منشاء بم کی 3 اکتوبر کی رات بارہ سے ایک بجے کے درمیان اپنے ڈیرے پر آمد متوقع ہے جس کے بعد پولیس نے اپنے دو اہلکاروں کو وہاں ڈیرے پر نظر رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا۔ ایس پی صدر معاذ ظفر کا کہنا ہے کہ موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جب منشاء بم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ موجود گارڈز نے مزاحمت شروع کر دی اور منشاء بم پولیس ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گیا ۔

البتہ پولیس نے منشاء بم کی گاڑی قبضے میں لے لی ، پولیس کا کہنا تھا کہ جلد منشاء بم کو گرفتار کر لیا جائے گا لیکن تاحال پولیس منشا بم کا سُراغ لگانے میں ناکام ہے۔