کراچی پولیس چیف کا جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم

پولیس چیف نے اپنے خط میں تنبیہ کی کہ فیملیز خاص طور پر جوڑوں سے میاں بیوی ہونے کا ثبوت مانگنے کی شکایت نہیں ملنی چاہیے

بدھ 10 اکتوبر 2018 14:01

کراچی پولیس چیف کا جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے شہر میں جوڑوں سے نکاح نامے مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔پولیس چیف کی جانب سے کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو لکھے گئے خط میں ایسے اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس چیف کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق عام شکایت ہے کہ پولیس موبائل یا موٹر سائیکل پر گشت کرنے والے مخصوص پولیس اہلکار جوڑوں سے نکاح نامے طلب کرکے خوفزدہ کرتے ہیں۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے اپنے خط میں تنبیہ کی کہ فیملیز خاص طور پر جوڑوں سے میاں بیوی ہونے کا ثبوت مانگنے کی شکایت نہیں ملنی چاہیے۔پولیس چیف نے کہا کہ ساحل سمندر، کلفٹن اور دیگر تفریحی مقامات پر پولیس اہلکاروں نے بلاوجہ شہریوں کو تنگ کیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔