دنیا کی تمام مشکلات کی جڑ امریکا ہے، ایران

بدھ 10 اکتوبر 2018 14:19

انطالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے عالمی مسائل کو امریکا کی یکطرفہ پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کے غیر قانونی اور خود سرانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے شہر انطالیہ میں یوریشین انٹر پارلیمنٹری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل بین الاقوامی سلامتی کو درہم برہم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا جیسی بڑی طاقتوں کی جانب سے بین الاقوامی مسائل پر یکطرفہ پالیسیوں نے عالمی برادری کو بڑے چیلنجوں سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی معاہدے اور پیرس کے معاہدے سے غیرقانونی علیحدگی اور بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان امریکا کے یکطرفہ اقدامات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایسے یکطرفہ اقدامات کے ساتھ دوسرے ممالک کے حقوق کو پامال کر رہا ہے۔