سپریم کورٹ نے نندی پور توانائی منصوبے کے خلاف دائر درخواست نمٹادی

منصوبے کوآپریشنل ہونے کے بعد آؤٹ سورس کیا گیا ،ْ عدالت عظمی کی آبزرویشن احتساب عدالت پراثراندازنہیں ہونی چاہیے ،ْچیف جسٹس

بدھ 10 اکتوبر 2018 14:41

سپریم کورٹ نے نندی پور توانائی منصوبے کے خلاف دائر درخواست نمٹادی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی احتساب بیورو (نیب )کی جانب سے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر ہونے پر نندی پور توانائی منصوبے میں تاخیر کا کیس نمٹا دیا۔ بدھ کو چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نندی پور پاور منصوبے میں تاخیرسے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل احسن بھون نے عدالت کو نیب کی جانب سے ریفرنس دائر ہونے کے بارے میں آگاہ کیا جس پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ منصوبے کوآپریشنل ہونے کے بعد آؤٹ سورس کیا گیا ۔چیف جسٹس نے کہاک کہ نیب نینندی پور منصوبے میں بدعنوانی سے متعلق ریفرنس وزارت قانون کی وجہ سے تاخیر کی بنا پردائر کیا اور اب ریفرنس فائل ہونے کے بعد درخواست غیر موثرہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت عظمی کی آبزرویشن احتساب عدالت پراثراندازنہیں ہونی چاہیے، احتساب عدالت متاثرہوئے بغیر کارروائی کرے اس کے ساتھ عدالت عظمیٰ نے مذکورہ درخواست نمٹا دی۔قبل ازیں سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی جانب سے نندی پور توانائی منصوبے میں کرپشن کے حوالے سے 2011 میں دائر پٹیشن پر دوبارہ سماعت کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت سپریم کورٹ نے جسٹس (ر) رحمت جعفری پر مشتمل ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا تھا۔

جسٹس (ر) رحمت جعفری نے تحقیقات مکمل کرکے 94 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جس کے مطابق نندی پور توانائی منصوبے میں سست روی کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے اس کی تکمیل میں مقررہ وقت سے زائد وقت لگا۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اس منصوبے کے تاخیر سے مکمل ہونے پر قومی خزانے کو ایک کھرب 13 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا، رپورٹ میں وفاقی وزارتِ قانون کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا تھا جبکہ اس وقت بابر اعوان وفاقی وزیر قانون تھے۔

9 اگست کو سپریم کورٹ نے نندی پور توانائی منصوبے میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیب کے پراسیکیوٹر جنرل کی طلبی کے احکامات جاری کیے تھے۔12 اگست 2018 کو نیب نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ نندی پور توانائی منصوبے میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔بعد ازاں رواں برس 5 ستمبر کو نیب نے 7 سیاستدانوں اور عہدیداران کے خلاف نندی پور توانائی منصوبے میں ریفرنس دائر کردیا تھا۔