ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی یورو ایشیائی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور بوسنیا اینڈ ہرزگوینیا کے وفود سے ملاقاتیں

پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے سلیم مانڈوی والا کی وفود سے دوطرفہ امور پر بات چیت

بدھ 10 اکتوبر 2018 15:06

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی یورو ایشیائی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے موقع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے یورو ایشیائی ممالک کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور بوسنیا اینڈ ہرزوگوینیا کے وفود کے ساتھ دوطرفہ امور پر ملاقاتیں کیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ یوروایشائی ممالک کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

وفد میں سینیٹر محسن عزیز، خوش بخت شجاعت، نصیب اللہ بازئی، رکن قومی اسمبلی جنید انوار اور عامر ایوب شامل ہیں جبکہ ترکی میں پاکستان کے سفیر ساجد قاضی بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔ یورو ایشائی ممالک کی پارلیمنٹ کااجلاس 8 سے 11 اکتوبر 2018ء کو ترک شہر اناطولیہ میں ہو رہا ہے ۔ اجلاس کامقصد یورو ایشیا میں پائیدار ترقی اور معاشی روابط کوفروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کے ہائوس آف ریپریزینٹیٹو ڈاکٹر فادلزون سے ملاقات کے دوران انڈونیشیا میں حالیہ زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس اوردکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ دونوں اطراف نے قریبی دوستانہ تعلقات کے عزم کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پارلیمان کی سطح پر روابط کے فروغ پر زور دیاگیا۔

انڈونیشیا اور پاکستان کے مابین کاروباری و تجارتی تعلقات میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کے لئے قانونی فریم ورک بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے تجویز دی کہ انڈونیشیاپاکستانیوں کے لئے ویزہ کے نظام میں آسانیاں پیدا کرے تاکہ ہنر مند افرادی قوت انڈونیشیا میں جا سکے۔ اس موقع پر تھائی لینڈ کی قومی قانون ساز اسمبلی کے وفد کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے پاکستانی تہذیب و ثقافت سے متعلق بتایاکہ بدھسٹ طبقے کے لئے پاکستان کا شہر ٹیکسلا بڑا تجارتی مرکز ہے۔

دونوں اطراف سے باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد نے بوسنیا اینڈ ہرزگوینیا کے وفد کے سربراہ سیفٹ سیفٹک کے ساتھ دو طرفہ امورپر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اطراف سے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں میں تعلقات کو آگے مزید بڑھانے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ۔ بوسنیا کے وفد کے سربراہ نے کہاکہ ہمارے لوگ پاکستان کے ساتھ جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ بوسنیا پاکستان کا دوست ملک ہے اور پاکستان بوسنیا کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔