پولیس پر جوڑوں سے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کرنے پر پابندی عائد

جوڑوں سے نکاح نامہ طلب کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 15:06

پولیس پر جوڑوں سے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کرنے پر پابندی عائد
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : عوامی مقامات پر سیر و تفریح کے لیے موجود جوڑوں کو اکثر پولیس اہلکاروں کی جانب سے اُس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا جب ان سے نکاح نامہ طلب کیا جاتا تھا اور نکاح نامہ نہ ہونے کی صورت میں پولیس کو رشوت دے کر جان چھُڑوانا پڑتی تھی تاہم اب جوڑوں سے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو بھی اس امر سے باز رہنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے تمام اہلکاروں کو تنبیہہ کی کہ سیر و تفریح کرنے والے جوڑوں سے کوئی نکاح نامہ طلب نہ کیا جائے۔ پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے پولیس اہلکاروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سیر و تفریح کرنے والوں سے نکاح نامہ نہیں مانگا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہر میں جوڑوں سے نکاح نامہ طلب کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔اس ضمن میں کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو خط بھی ارسال کیا گیا ہے۔ جس میں سیر و تفریح پر آئے جوڑوں سے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر کاروائی کی ہدایت کی گئی ۔ خط میں کہا گیا کہ عام شکایت موصول ہورہی ہے کہ پولیس اہلکار جگہ جگہ اور خاص طورپر پارکوں اورسی ویو پر نکاح نامہ طلب کرکے ہراساں کرتے ہیں۔

عوامی شکایات پر کراچی پولیس چیف نے پولیس اہلکاروں کو تنبیہہ کی کہ جوڑوں سے میاں بیوی ہونے کا ثبوت مانگنے کی شکایت نہیں ملنی چاہئیے۔ ساحل سمندر، کلفٹن، ڈیفنس یا دیگر تفریحی مقامات پر بلاوجہ شہریوں کو تنگ کیا گیا تو تنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کراچی کے تفریحی مقامات پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے جوڑے اسی خوف میں رہتے تھے کہ ابھی کوئی پولیس اہلکار آ کران سے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کرے گا اور ان کو ہراساں کیا جائے گا۔ پولیس چیف کے اس حکم کو شہریوں کی جانب سے بھی خوب سراہا گیا ۔

متعلقہ عنوان :