حکومت کی ناقص پالیسوں کے باعث ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیاہے ،سرانجام خان

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے،انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کیا جائیگا،میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 اکتوبر 2018 16:44

تربیلا غازی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری کے پی کے سرانجام خان نے کہا ہے کہ حکومت ہماری پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے۔ حکومت کی ناقص پالیسوں کے باعث ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا ہے۔ جس سے غریب و متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہ گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔

انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اُنہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔سرانجام خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہے اور انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور میں ملک کی معاشی حالت بہتر تھی ۔

ملک معاشی طور پر مضبوط ہو رہاتھا ۔ سی پیک منصوبہ پر تیزی سے کام جاری تھا۔ لودشیڈنگ میں بڑی حد تک کمی آچکی تھی۔ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا تھا مگر آج موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہو چکاہے۔ ڈالر کا ریٹ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ غریب و متوسط طبقہ بے تحاشا مہنگائی سے شدید مشکلات سے دوچار ہو گیا ہے۔ تبدیلی ملک کے غریب عوام کے لئے زحمت بن گئی ہے۔پارٹی کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے۔ جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اگر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا تو پھر ملک بھر میں احتجاج ہو گا جس کے لئے ہم تیار ہو چکے ہیں۔