ہرنو میں پاکستان کے سب سے بڑے تفریحی پارک کا منصوبہ کٹھائی میں پڑ گیا، دو سالوں میں چند جھولے ہی لگائے جا سکے

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:32

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) ہرنو میں پاکستان کے سب سے بڑے تفریحی پارک کا منصوبہ ابھی تک کٹھائی میں پڑا ہوا ہے، دو سالوں میں چند جھولے ہی لگائے جا سکے ہیں۔ اس ضمن میں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری 2014ء میں ایک ہزار کنال پر مشتمل ہرنو میں پاکستان کے سب سے بڑے تفریحی پارک ’’ہزارہ امیوزیمنٹ سٹی‘‘ کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا، جوڈٹ انٹرٹینمنٹ اینڈ امیوزیمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی نے عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی حکومت کے دور میں ہرنو میں ایک بہت بڑے تفریحی پارک کے قیام کی منظوری حاصل کی تھی۔

جودت کمپنی کے مالکان نے سابق صوبائی حکومت اور مقامی لوگوں کو یہ سبز باغ دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ہزار کنال پر مشتمل یہ پارک پاکستان کا سب سے بڑا تفریحی پارک ہو گا، ابتداء میں اس پارک میں 500 ملازمین کام کریں گے، پارک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں 1100 افراد کام کریں گے، یہاں سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بھی مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کے مطابق گذشتہ چار سالوں کے دوران جودت کمپنی کی جانب سے ہرنو میں ایک چھوٹی سی جھیل اور چند جھولے ہی لگائے جا سکے ہیں۔ کمپنی نے اپنا خرچ پورا کرنے کیلئے ہرنو میں کھوکھے بھی تعمیر کر دیئے ہیں، یہاں پر کسی قسم کا کوئی کام نہیں کیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق ہر نو میں پہلے سے جھولے موجود ہیں، یہاں پاکستان کا سب سے بڑا پارک تو دور کی بات، پاکستان کا سب سے چھوٹا مکمل تفریحی پارک بھی نہیں بنایا جا سکا ہے۔

متعلقہ عنوان :