Live Updates

عوام کو سستے و بر وقت انصاف کی فراہمی حکومت کے منشور کا حصہ ہے،چوہدری ظہیرالدین

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:36

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ عوام کو سستے اور بر وقت انصاف کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کے منشور کا حصہ اور وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انصاف کی فراہمی میں پراسیکیوٹرز کلیدی کردار کے حامل ہیں لہذا وہ ماضی کے بر عکس مستعد اور فعال ہو جائیں، محکمہ پبلک پراسیکیوشن وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے، عوام کو انصاف کی فراہمی میں تا خیر قطعی برداشت نہیں کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کیا، چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کی تقدیر بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر ماضی کی حکومتوں میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے روا رکھے گئے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور امیر کیلئے دوہرا معیار اور بے انصافی معاشرے کو تباہی کی طرف دھکیل دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2016ء میں شرح سزا58.52فیصد،2017ء میں شرح سزا 63.84فیصد اور امسال ماہِ اگست تک شرح سزا 65.89فیصد رہی، چوہدری ظہیر الدین نے شرح سزا میں اضافے کو انصاف کی فراہمی میں نا گزیر قرار دیتے ہوئے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو کار کردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات