پیراگون سوسائٹی کیس، سعد رفیق نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی

کبھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شیئر ہولڈر نہیں رہا ،پیراگون سٹی میں پلاٹوں اور مینجمنٹ سے ملنے والی رقم پر نیب کو وضاحت دے چکا ہوں، وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی صورت میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کیلئے دو ہفتے کا وقت دیا جائے، درخواست میں موقف

بدھ 10 اکتوبر 2018 18:06

پیراگون سوسائٹی کیس، سعد رفیق نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے موقف اختیار کیا ہے کہ نیب نے 20 مارچ کو پیراگون سٹی کی تفتیش میں طلبی کے نوٹس جاری کیے، نوٹس کے جواب میں 28 مارچ کو تحریری جواب اور متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں، تفتیش کے طویل سیشن کے بعد نیب نے مزید دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی جس پر 5 اپریل کو مزید دستاویزات بھی جمع کرائیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ میں کبھی بھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شیئر ہولڈر نہیں رہا جبکہ پیراگون سٹی میں پلاٹوں اور مینجمنٹ سے ملنے والی رقم پر نیب کو وضاحت دے چکا ہوں۔

(جاری ہے)

درخواست میں خواجہ سعد رفیق نے استدعا کی ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی صورت میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کیلئے دو ہفتے کا وقت دیا جائے۔واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سائٹی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی تحقیقات کا آغاز گزشتہ برس نومبر میں کیا تھا، اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا گیا تھا۔بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل میں پہلے ہی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف کو گرفتار کر چکی ہے۔