دبئی ٹیسٹ، پاکستان کو کامیابی کیلئے 7وکٹیں درکار

پہلا میچ آسٹریلیا کی پہنچ سے باہر نکل گیا ،جیت کیلئے462رنز بنانا ہونگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 اکتوبر 2018 18:09

دبئی ٹیسٹ، پاکستان کو کامیابی کیلئے 7وکٹیں درکار
دبئی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر 2018ء) دبئی ٹیسٹ کے چوتھے رو ز آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 462رنز کے ہدف کے تعاقب میں دن کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصان پر136 رنز بنا لیے ہیں ۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں امام الحق اور حارث سہیل نے چوتھے روز کھیل شروع کیا تو امام الحق 23 اور حارث سہیل صفر رنز پر موجود تھے۔دونوں بلے بازوں نے ٹیم کامجموعی سکور110رنز تک پہنچایا جس کے بعد امام الحق 48اور حارث سہیل 39رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،بابر اعظم اور اسد شفیق نے کھانے کے وقفے تک ٹیم کا سکور 155رنز تک پہنچا دیا ۔

وقفے کے بعد اسد شفیق 181 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے تو کپتان نے اننگز ڈکلیئر کردی۔بابراعظم 28 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے اور اس طرح قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے جون ہالینڈ نے 3، نیتھن لیون اور لیبسچگنی نے1،1وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے لیے فنچ اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر ٹیم کا سکور87رنز تک پہنچا یا جس کے بعد ایرون فنچ 49رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،دو گیندوں بعد عباس نے شان مارش کو صفر کی خفت سے دوچار کروایا جبکہ انکے چھوٹے بھائی مچل مارش کو بھی کھاتہ کھولنے کا موقع دیئے بغیر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا ۔

عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی اور دن کے اختتام پر خواجہ50اور ٹریوس ہیڈ 34رنز کے ساتھ ناٹ آﺅ ٹ ہیں،پاکستان کے لیے محمد عباس نے تینوں شکار کیے ۔اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو ایرون فنچ 13 اور عثمان خواجہ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔

پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایرون فنچ 62 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی سکور 160 تک پہنچا تو شان مارش 7 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کا شکار بنے۔اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، مچل مارش 12 اور کپتان ٹم پین 7 رنز بناسکے جبکہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی اور مچل سٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آﺅٹ ہوئے۔پیٹر سڈل 10رنز بنا کر محمد عباس کا چوتھا شکار بنے ، بلال آصف نے لیون کو آﺅٹ کرکے چھٹا شکار کیا اور یوں کینگروز کی بساط202رنز پر سمٹ گئی اور گرین شرٹس کو پہلی اننگز میں280 رنز کی برتری مل گئی ۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا ،محمد حفیظ17رنز بنا کر جان ہالینڈ کا شکا ر بنے جبکہ نمبر 3پر بیٹنگ کیلئے بھیجے گئے بلال آصف بغیر کوئی رن بنائے نیتھن لیون کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے ، اظہر علی 4رن بنا کر ہالینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوگئے ۔ اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی تھی۔

قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2014 ءمیں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانےوالی ٹیسٹ سیریز میں سپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے گرنےوالی 40 میں سے 26 وکٹیں حاصل کی تھیں۔