موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا،

ڈالر کی قیمت 133 روپے تک پہنچ گئی ہے، ہم اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہیں وزیر مملکت حماد اظہر کا ایوان بالا میں اظہارخیال

بدھ 10 اکتوبر 2018 20:02

موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) محصولات کے وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، ڈالر کی قیمت 133 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں عوامی دلچسپی کے معاملہ پر رضا ربانی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ دو روز کے دوران تیزی کا رجحان رہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 136 نہیں بلکہ 133 روپے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت آئی ایم ایف کے پاس گئے ہیں کیونکہ ملک میں معاشی بحران سنگین ہو چکا ہے۔ ہمیں آئی ایم ایف سمیت تمام آپشن کھلے رکھنا ہوں گے کیونکہ کرنٹ خسارہ بڑھ چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھنے کی بجائے کم ہوئی ہیں، اگر فوری طور پر درست اقدامات نہ کئے گئے تو خسارہ 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔ ہم نے اس حوالے سے مثبت اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کی تجربہ کار حکومتیں 18 بار آئی ایم ایف کے پاس گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔