صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشیدکا مری بلک واٹر سپلائی منصوبے کا اچانک دورہ

گزشتہ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا : میاں محمودالرشید

بدھ 10 اکتوبر 2018 20:46

صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشیدکا مری بلک واٹر سپلائی منصوبے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2018ء) ن لیگ کی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح کے منصوبوں میں عدم دلچسپی کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا۔ 3 ارب کا منصوبہ 10 ارب تک جا پہنچا۔ مری کے عوام کو پانی کی فراہمی کا ’’بلک واٹرز سپلائی منصوبہ‘‘ 2006ء میں شروع کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت مری کے مکینوں کو 55 لاکھ گیلن پانی روزانہ کی بنیادوں پر فراہم کیا جانا تھا۔

تین ارب کی لاگت سے بننے والے منصوبے کو شہباز شریف دورنامعلوم سیاسی وجوہ کی بناء پر بند کر دیا گیاتھا۔ ایک ارب کی لاگت سے پائپ لائن بچھائی گئی اور دیگر سامان خریدا گیا۔ منصوبہ بند ہونے سے پائپ اور دیگر قیمتی مشینری خراب ہو گئی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے منصوبے کی سائٹ کے دورے کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے منصوبے پر ہنگامی بریفنگ بھی لی۔

بریفنگ میں رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی اور ایم پی اے میجر (ر) ستی شریک ہوئے۔ بلک واٹرز سپلائی منصوبے پر اب تاخیر کی وجہ سے لاگت 10 ارب آئے گی۔ ۔ میاں محمود الرشید نے منصوبے کو فوری شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ غیر ملکی کمپنی سیمنز کو واجبات کی ادائیگی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔منصوبے کی بلاوجہ تاخیر پر میاں محمود الرشید نے بات کر تے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے درجنوں منصوبے جو گزشتہ حکومت نے بوجوہ بند کر دیئے تھے ، جلد از جلد مکمل کیے جائیں گے تا کہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔