آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن اور بھاری سودی قرضوں پر ملک چلانے کی روش اب ختم ہونا چاہیے،مولانا عبدالحق ہاشمی

آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ عوام کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے،صوبائی امیرجماعت اسلامی

بدھ 10 اکتوبر 2018 22:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن اور بھاری سودی قرضوں پر ملک چلانے کی روش اب ختم ہونا چاہیے ۔حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ عوام کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے۔نیا پاکستان بھی قرضوں پر چلیگا یہ عوام نے نہیں سوچاتھا ڈالر مہنگاہونا حکومت کی ناقص پالیسیوں کا مظہر ہے۔

گیس، بجلی ، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسوں سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مار جارہا ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل پیرا ہو کر عوام کی گردنوں پر مہنگائی کی کند چھری چلا رہی ہے ۔غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری ختم کرنے کے بجائے غریب ختم کرنے کی پالیسی کسی صورت قبول نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لٹیروں سے قومی دولت برآمد کرکے احتساب کا عمل ہر لٹیرے تک پہنچائی جائے تاکہ قومی دولت قوم پر خرچ ہو اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ جائیں۔

حکومت کی ناکام پالیسیوں کے سب سے زیادہ شکار بلوچستان کے عوام ہیں یہاں غربت زیادہ ،روزگار کم اور عوام کی قوت خرید کم ہیں۔ پی ٹی آئی کی نام نہا تبدیلی میں سفید پوش اور غریب آدمی غربت کی چکی میں پسنے پر مجبور ہوچکا ہے ۔حکومت عوام کے منہ سے نوالہ نہ چھینیں بلکہ الیکشن جلسوں کے دوران کیے گیے وعدوں واعلانات پر عمل کریں ۔چوروں کرپٹ مافیا کو پکڑ لیںلوٹی ہوئی دولت برآمد کرکے عوام کے حالت تبدیل کریں غریب عوام سے ٹیکسوں کی وصولی ،مہنگائی کا سیلاب اور قرضے لیکر ملک چلاناتھاتو سابقہ حکمران ہی ٹھیک تھے پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں اور دعووں کے برعکس سابقہ ادوار کی پالیسیوں پر گامزن نظر آرہی ہے ۔

حکومت کے غربت ، مہنگائی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تک مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست نہیں بنایا جا سکتا جب تک عوام صالح اورایماندار قیادت کو اپنے ووٹ کی طاقت سے ایوانوں میں نہیں بھیجتی ۔انہوں نے کہا کہ کشکول توڑنے کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں کے برعکس آئی ایم ایف کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل کر کے غربیوں کی زندگی اجیرن بنا رہی ہے ۔ اگر اسی طرح حکومت اپنی ناقص معاشی پالیسیوں پر گامزن رہی تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔