نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے نچلے و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا ذاتی گھر کا خواب پورا ہوگا

تعمیرات کے شعبے سے منسلک صنعتیں بحال، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ماہرین اقتصادیات کی طرف سے پی ٹی آئی کی حکومت کے منصوبے کا خیرمقدم

جمعرات 11 اکتوبر 2018 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) ماہرین اقتصادیات نے حکومت کی جانب سے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے آغازکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبہ سے نچلے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا ذاتی گھر کا خواب پورا ہو گا۔ جمعرات کو یہاں ایک انٹرویومیں ماہر اقتصادیات مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ حکومت کا نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام قابل ستائش ہے اور اس منصوبہ سے تعمیرات کے شعبہ سے منسلک صنعتوں کی بحالی میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوںگے جو پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ حکومت کو معا شی بحران سے نکلنے کے لئے وقت دینا چاہئے تا کہ حکومت معشیت کی بہتری کے لئے ٹھوس اقدامات کر سکے۔

(جاری ہے)

ماہر اقتصادیات ہمایوں اقبال شامی نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف غریب افراد کو گھر ملیں گے بلکہ تعمیراتی کام سے منسلک صنعتوں کی بحالی بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصو بے کی کامیابی کے لئے اس کی سخت نگرانی کرنے کی ضرورت ہو گی تاکہ اس میں شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے ۔

پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا کہ پاکستان کے 40 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہیں جن کو گھر سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ ایسے لوگوں کو گھر فراہم کرنے کا یہ حکومتی اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔پی ٹی آئی کی رہنما کنول شاہزیب کا کہنا ہے کہ گھر فراہم کرنے کا یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی ضرورت اورخواہش کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قبضہ مافیا کے خلاف ایکش لینے اور غریبوں کو گھر فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا تاکہ اصل حقداروں کو ان کا حق مل سکے ۔پی ٹی آئی کی رہنما عابدہ راجا کا کہنا ہے کہ پنجاب کے لوگوں کے لئے زاتی گھر نہ ہونا ایک بڑا اور اہم مئسلہ ہے اور اپنا گھر ہر غریب آدمی کا خواب ہوتا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف غریب افراد کا خواب پورا ہو گا بلکہ ملکی صنعت کی بحالی میں بھی مدد ملے گی جس سے ملکی معشت مضبوط ہو گی۔