سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 اکتوبر 2018 15:49

سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اکتوبر 2018ء) : سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ وارنٹ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے جاری کیے۔ یاد رہے کہ رواں برس قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور سابق وزیر برائے پانی و بجلی لیاقت جتوئی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔

جن افراد کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ان میں شوکت عزیز، لیاقت جتوئی، سابق وفاقی سیکریٹری اسمٰعیل قریشی، سابق ایڈیشنل سیکریٹری یوسف میمن، سابق جوائنٹ سیکریٹری غلام نبی منگریو، محکمہ پانی و توانائی کے سینیئر افسرعمر فاروق، آلٹرنیٹو انرجی ڈیولپمنٹ بورڈ (اے ای ڈی بی) کے سابق چیئرمین ایئر مارشل(ر) شاہد حامد، اے ای ڈی بی کے سابق سیکریٹری بریگیڈیئر نسیم اے خان، اور سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشارت حسن بشیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ۔ خیال رہے کہ نیب بورڈ کی جانب سے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے خلاف ریفرنس اے ای ڈی بی کے کنسلٹنٹ کے طور پر بشارت حسن بشیر کی ایم پی -2 اسکیل پر غیر قانونی تعیناتی پر دائر کیا گیا جس سے قومی خزانے کو 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ذرائع کے مطابق شوکت عزیز کے خلاف درخواست کی جانچ پڑتال، تحقیقات اور تفتیش کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس میں سابق وزیراعظم کو قصوروار پایا گیا ۔