Live Updates

وفاقی کابینہ نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کی منظوری دیدی‘ڈاکوﺅں سے پیسہ برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.فواد چوہدری

بدعنوان عناصر سے متعلق ایک کمیٹی بننی چاہیئے‘ بدعنوان عناصر کو قومی مجرم کی حیثیت سے دیکھنا چاہیئے.اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اکتوبر 2018 17:10

وفاقی کابینہ نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کی منظوری دیدی‘ڈاکوﺅں سے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اکتوبر۔2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میںنیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کی منظوری دی گئی.سکیم کے تحت سرکاری زمین پر قرضہ لے کر گھر بنائے جائیں گے گھروں کے لیے بینک قرضہ فراہم کریں گے. تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے کابینہ اجلاس کی صدارت کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر کھڑا کرنے اور ڈاکوﺅں سے پیسہ برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں، ریمانڈ کے دوران ملزم کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوسکتے، اسپیکر نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کیے. فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج نہیں کرنا چاہیئے تھا، بدعنوان عناصر سے لوٹا ہوا پیسہ واپس نکلوانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ اپوزیشن شور مچانے کے بجائے الزامات کا جواب دے.

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ذاتی طور پر ایک قرارداد جمع کروا رہا ہوں، قرارداد کے مطابق بدعنوان عناصر سے متعلق ایک کمیٹی بننی چاہیئے‘ بدعنوان عناصر کو قومی مجرم کی حیثیت سے دیکھنا چاہیئے. فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میںنیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کی منظوری دی گئی. ضرورت مندوں کا تعین کرنے کے لیے 250 روپے کا فارم جاری کر رہے ہیں، سرکاری زمین پر قرضہ لے کر گھر بنائے جائیں گے‘ گھروں کے لیے بینک قرضہ فراہم کریں گے.

انہوں نے بتایاکہ ایئر وائس مارشل (ر) ارشد کو چیئرمین پی آئی اے تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے‘ پی آئی اے پر 406 ارب روپے قرضہ ہے، پی آئی اے ہر ماہ 2 ارب روپے نقصان کر رہی ہے‘ ادارے کا ری اسٹرکچرنگ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں. وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ منصوبے کا تخمینہ لاگت سے زیادہ ہے، ایئرپورٹ منصوبے کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

36 ارب سے شروع منصوبہ 100 ارب تک کیسے پہنچا تحقیقات ہوں گی‘جہاں بھی ہاتھ ڈالیں پتہ چلتا ہے اپنے ہی رشتے دار ہیں. انہوں نے کہا کہ نیب میں ہائی پروفائل کیسز کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے وزیر مملکت شہریار آفریدی کے کام کی تعریف کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت شہریار آفریدی نے قبضہ مافیا کے خلاف بہترین کام کیا ہے. فواد چوہدری نے کہا کہ محمد میاں سومرو نجکاری کمیشن کے نئے چیئرمین ہوں گے، وزیر مملکت شہریار آفریدی کو ای سی ایل سے متعلق ٹاسک دیا گیا ہے، جن لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ان کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں گے.

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے عون عباس کو ایم ڈی بیت المال تعینات کرنے کی منظوری دی ہے. وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ایف بی آر کو بھی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، پاکستان میں 40 ارب ڈالر ترسیلات زر آتے ہیں، 40 میں سے 10 ارب ڈالر ترسیلات زر قانونی طریقے سے پاکستان آتے ہیں‘وزیر اعظم نے ترسیلات زر سے متعلق گورنر اسٹیٹ بینک کو بلایا ہے.

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر درآمد موبائل کام نہیں کریں گے، اسمگل موبائل فونز سے متعلق ایک طریقہ کار تیار کر لیا گیا ہے‘ نیب کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے. فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ چین پر جا رہے ہیں، دورے سے چین کی سرمایہ کاری بڑھے گی، رشتہ مزید مضبوط ہوگا. سگریٹ مافیا کے خلاف بڑے کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے.

ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ10 سال کی پرانی کرپشن پر کمیشن بنانے کا بل اسمبلی میں دوں گا‘ اپوزیشن ارکان رات کو میڈیا پر آکر ہمیں بتاتے ہیں کہ کیا کرنا چاہیے، اپوزیشن شور مچانے کے بجائے الزامات کا جواب دے‘ ملک کو مکمل معاشی طور پر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ چینی سرمایہ کاری سے ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات