مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ کا شہباز شریف کی گرفتاری پر پارلیمنٹ ہائوس کے صدر دروازے پر دھرنا

جمعرات 11 اکتوبر 2018 17:25

مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ کا شہباز شریف کی گرفتاری پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی نیب لاہور کی طرف سے گرفتاری پر سخت احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہائوس کے صدر دروازے پر دھرنا دیا اور شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شاہراہ دستور پر 60 سے زائد ارکان قومی اسمبلی و سینٹ پر مشتمل احتجاجی جلسہ کی نظامت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر مشاہد اللہ خان، رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، میاں جاوید لطیف، عبدالرحمن کانجو، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، مشاہد حسین سید سمیت دیگر ارکان قومی اسمبلی اور ارکان سینٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دیگر ارکان پارلیمنٹ نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس معاملے کو سیاسی انتقام قرار دیا۔