سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا دبئی ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب

پاکستان12اوورزمیں آخری دو وکٹیں نہ لے سکا،یاسر شاہ کے چار شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 اکتوبر 2018 18:26

سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا دبئی ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب
دبئی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر 2018ء) سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے دبئی ٹیسٹ ڈرا کردیا ،کپتان ٹیم پین 61رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے ۔ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے 132 رنز کی شراکت قائم کی۔ٹیم کا مجموعی سکور 219 تک پہنچا تو ٹریوس ہیڈ 72 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بن گئے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز لیبسچگنی بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،چھٹی وکٹ پر عثمان خواجہ اور کپتان ٹم پین نے قیمتی 79رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد یاسر شاہ 141رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،لیگ سپنر نے ایک رن بنا نے والے مچل سٹارک کو بابر اعظم کے ہاتھو ں کیچ کروایا اور پھر پیٹر سڈل کو بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا ،ٹیم پین اور نیتھن لیون نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیسٹ میچ ڈرا کردیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ 4،محمد عباس 3 اورمحمد حفیظ 1 وکٹ حاصل کرسکے ۔اس سے قبل دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں امام الحق اور حارث سہیل نے چوتھے روز کھیل شروع کیا تو امام الحق 23 اور حارث سہیل صفر رنز پر موجود تھے۔دونوں بلے بازوں نے ٹیم کامجموعی سکور110رنز تک پہنچایا جس کے بعد امام الحق 48اور حارث سہیل 39رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،بابر اعظم اور اسد شفیق نے کھانے کے وقفے تک ٹیم کا سکور 155رنز تک پہنچا دیا ۔

وقفے کے بعد اسد شفیق 181 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے تو کپتان نے اننگز ڈکلیئر کردی۔بابراعظم 28 رنز کےساتھ ناٹ آﺅٹ رہے اور اس طرح قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے جون ہالینڈ نے 3، نیتھن لیون اور لیبسچگنی نے1،1وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے لیے فنچ اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر ٹیم کا سکور87رنز تک پہنچا یا جس کے بعد ایرون فنچ 49رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،دو گیندوں بعد عباس نے شان مارش کو 0 کی خفت سے دوچار کروایا جبکہ انکے چھوٹے بھائی مچل مارش کو بھی کھاتہ کھولنے کا موقع دیئے بغیر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا ۔

عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی اور دن کے اختتام پر خواجہ50اور ٹریوس ہیڈ 34رنز کے ساتھ ناٹ آﺅ ٹ ہیں،پاکستان کے لیے محمد عباس نے تینوں شکار کیے ۔اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں482رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں کینگروز نے اپنی پہلی اننگز میں202رنز بنائے تھے۔قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2014 ءمیں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانےوالی ٹیسٹ سیریز میں سپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے گرنےوالی 40 میں سے 26 وکٹیں حاصل کی تھیں۔