یاسر شاہ نے وقار یونس کا 25سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا

29ٹیسٹ میچز میں زیادہ شکار کرنے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 اکتوبر 2018 19:19

یاسر شاہ نے وقار یونس کا 25سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر 2018ء) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وقار یونس کا 25سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا ۔ 32سالہ یاسر شاہ دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران کینگرو ز کی پہلی اننگز میں کوئی بھی وکٹ نہیں حاصل کرسکے تھے اور دوسری اننگز میں بھی مارک لیبسچگنی کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد لمبے عرصے تک دوسری وکٹ کو ترستے رہے تاہم پھر کینگرو اوپنر عثمان خواجہ ان کی ایک گگلی پر سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے جس کے بعد انہوں نے مچل سٹارک کو بابر اعظم کے شاندار کیچ کے ذریعے پوویلین بھیجا اور پھر پیٹر سڈل کو ایل بی ڈبلیوکرکے ٹیسٹ کرکٹ میں29میچز کھیل کر29.89کی اوسط سے اپنے169شکار مکمل کیے ۔

پاکستان کی جانب سے 29ٹیسٹ میچز کے بعد زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ وقار یونس کے پاس تھا جنہوں نے 1993ءمیں اپنے29ٹیسٹ میچز میں166شکار کیے تھے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ میں 29ٹیسٹ میچز کے بعد زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ انگلینڈ کے سابق فاسٹ باﺅلر سڈ بارنز کے پاس ہے جنہوں نے 189وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ یاد رہے کہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے دبئی ٹیسٹ ڈرا کردیا تھا ۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے 132 رنز کی شراکت قائم کی۔ٹیم کا مجموعی سکور 219 تک پہنچا تو ٹریوس ہیڈ 72 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بن گئے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز لیبسچگنی بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،چھٹی وکٹ پر عثمان خواجہ اور کپتان ٹم پین نے قیمتی 79رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد یاسر شاہ 141رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،لیگ سپنر نے ایک رن بنا نےوالے مچل سٹارک کو بابر اعظم کے ہاتھو ں کیچ کروایا اور پھر پیٹر سڈل کو بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا ،ٹیم پین اور نیتھن لیون نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیسٹ میچ ڈرا کردیا۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ 4،محمد عباس 3 اورمحمد حفیظ 1 وکٹ حاصل کرسکے ۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2014 ءمیں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانےوالی ٹیسٹ سیریز میں سپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے گرنےوالی 40 میں سے 26 وکٹیں حاصل کی تھیں۔