Live Updates

چشتیاں ‘ بااثر قبضہ مافیا محکمہ مال کی ملی بھگت سے پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کی زمین ہتھیانے میں مصروف عمل‘متاثرہ خاتون در در ٹھوکریں کھانے پر مجبور

حکومت اورسیز پاکستانیوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ‘یہ لوگ مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں چیف جسٹس ‘وزیراعظم ‘وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعرات 11 اکتوبر 2018 21:32

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) چشتیاں کے نواحی علاقہ 13گجیانی روڈ پر بااثر قبضہ مافیا نے پاکستانی نژاد برطانیہ کی شہری خاتون کی قیمتی کمرشل اراضی ہتھیانے کیلئے مبینہ طور پر جعلی دستاویزتیار کرکے خاتون کو در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کردیا ہے ۔ پاکستانی نژاد برطانوی شہریت رکھنے والی متاثرہ خاتون سمیراصدیق نے پریس کانفرس کے دوران میڈیا نمائندوں کو تفصیلات بیان کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بااثر قبضہ مافیا نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے میری وراثتی اراضی واقع 13گجیانی روڈ 52مرلے کے جعلی فرضی کاغذات تیار کرکے قبضہ کرنے کے درپہ ہیں ۔

متاثرہ خاتون نے کہا کہ عرصہ 26سال سے بیرون ملک برطانیہ میں مقیم ہوں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قبضہ مافیا کے گروہ نے میری غیر موجودگی میں محکمہ مال کے عملہ سے ساز باز کرکے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی کی دستاویزات تیار کرکے میری اراضی پر دھاوا بول دیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق میں 52مرلے اراضی کی مالکہ ہوں اور میرے پاس ملکیتی ثبوت موجود ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آکر اپنی قیمتی جائیداد بچانے کیلئے محکمہ مال اور مختلف محکموں کے چکر لگاکر تھک چکی ہوں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اورسیز پاکستانیوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے ۔ جبکہ بااثر مافیا کے لوگ مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ متاثرہ خاتون نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ میری قیمتی اراضی ہتھیانے والے قبضہ مافیا کے گروہ کے طرز عمل کا فوری نوٹس لے کر مجھے اور میرے بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات