Live Updates

تبدیلی سرکار نے غریب عوام کو مہنگائی کے سونامی میں غرق کردیا، اشرف بھٹی

جمعرات 11 اکتوبر 2018 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے بھی روپے کی قدر میں کمی کی تھی لیکن اب تحریک انصاف کی حکومت نے توپاکستانی روپے کو کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑا بنا کر رکھ دیاہے اب توبنگلا دیشی ٹکا اور افغانی کرنسی بھی پاکستانی روپے کا منہ چڑا رہے ہیں اور ڈالر کی قیمت حکومتی پالیسیوںکا ماتم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت معاشی بحران قوم کی سمجھ سے بالاتر ہے اس لیے کہ کوئی بڑی مہم درپیش ہے نہ کوئی بڑا سانحہ ہواہے ، آئی ایم ایف سے قرض لینے سے قبل ہی تبدیلی سرکار نے غریب عوام کو مہنگائی کے سونامی میں غرق کردیاہے ،بجلی ، گیس ، پیٹرول ، ڈیزل ، کھاد سمیت مختلف اشیا ء کی قیمتوں میں اضافے نے سبزی اور دالوں کو بھی عوام کی پہنچ سے باہر کردیاہے،گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کی تجویز نے عوام کی نیندیں اڑا دی ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کے بعد مہنگائی کا ایک طوفان آئے گا اور عام آدمی جو پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے، بری طرح پس جائے گاجس کے بعد ملک بھر میں غریب لوگون کی خدا نخواستہ خودکشیوں کی خبریں سننے کو ملیں گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات